
افغانستان کو مختلف مورخین نے سلطنتوں کا قبرستان قرار دیا ہے۔ افغانوں نے اپنی سر زمین پر مختلف حکومتوں کے قبضے کی صورت میں جس لچک اور مزاحمت کا مظاہرہ کیا ہے وہ زبردست رہا ہے۔ 9/11 کے حملوں کا پہلا جانی نقصان افغانستان، اس کے مقامی باشندوں اور طالبان کی زیر قیادت حکومت کا تھا۔ پچھلی ایک دہائی سے جب سے امریکی فوجی افغانستان پر قابض ہے، بے دخل کیے گئے طالبان اقتدار سے باہر ہیں لیکن افغان مستقبل میں ان کی دعویداری کو نہیں ختم کیا گیا۔ امریکہ نے طالبان کو نیست و نابود کرنے کے لیے ہر حربہ آزمایا لیکن ان کے خلاف ایک دہائی سے زیادہ کی مسلسل جنگ کے بعد اب بھی طالبان موجود ہیں۔ اب امریکہ مجبور ہے کہ وہ طالبان کو تنازعہ میں ایک فریق کے طور پر قبول کرے اور انہیں ساتھ لے کر مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے۔
زیر نظر کتاب مختلف اسکالروں اور پالیسی سازوں کے لکھے گئے نو مقالوں کا مجموعہ ہے جو افغانستان کے امور اور سیاست پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں۔ طالبان اور امریکہ کے درمیان تعلقات وہ موضوع ہے جس پر تمام مصنفین نے جواب دینے
کی کوشش کی ہے۔ اس کتاب کے تعارف میں، ایڈیٹر عبدالعزیز الہیس طالبان کے بارے میں زیادہ عملی ہونے کی ضرورت کو بیان کرتے ہیں، "طالبان اپنی فاتحانہ سوچ کو تبدیل کرے اور نیٹو اور ایساف افواج کے آنے والے دنوں میں انخلاء کو دوسرے افغان گروہوں کے تئیں بالخصوص اور سیاسی دنیا کے تئیں اپنی تنہائی پسندانہ بیانیے اور رجعت پسندانہ پالیسیوں کی توثیق کے طور پر دیکھنا بند کرے۔ ” (ص-13)۔ مزید وہ طالبان کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لینے کے لیے قطر اور سعودی عرب کے درمیان مقابلے کی بھی وضاحت کرتے ہیں۔
جان فیفر نے "US Policy toward the Taliban after the 2012 Elections (2012 کے انتخابات کے بعد طالبان کے لیے امریکی پالیسی)” کے عنوان سے اپنے مقالے میں جنگی حکمت عملی کو امن کی حکمت عملی میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ضروری ہے کہ انہیں ایک اسٹیج پر جمع کرنے کے بجائے حقیقی گفت و شنید پر توجہ دی جائے، کیونکہ اس سے زمین پر کوئی حقیقی تبدیلی نہیں آتی اور یہ صرف تصویر کشی پر ہی ختم ہو جاتا ہے۔ وہ بین افغان مذاکرات کی ضرورت کو مزید اجاگر کرتے ہیں کیونکہ افغان معاشرہ اکیلا نہیں ہے، لیکن امریکہ اور دیگر طاقتوں کو خبردار بھی کرتے ہیں کہ وہ افغان کے داخلی مسائل میں مداخلت نہ کریں۔
حشمت اللہ مصلح کا مقالہ جس کا عنوان ہے، "War and Peace in Afghanistan: A Tajik view (افغانستان میں جنگ اور امن: ایک تاجک نقطہ نظر)” کتاب کے بہترین مقالوں میں سے ایک ہے جو افغان سیاست کی خوبیوں کو بیان کرتا ہے۔ مصلح نے افغانستان کے داخلی معاملات کے بارے میں معلومات کی کمی کی وجہ سے افغانستان کی غلط تصویر کشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے، ”حکومتوں نے سیاسی وجوہات کی بناء پر ملک کی ثقافتی طور پر یکساں اور سیاسی طور پر متحد تصویر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ حقیقت اس سے کہیں الگ ہے۔ افغانستان نہ تو ثقافتی طور پر یکساں ہے اور نہ ہی سیاسی طور پر متحد، درحقیقت یہ ثقافتوں، نسلوں اور قبائل کا ایک مرکب ہے اور سب سے بڑھ کر یہ اقلیتوں کا ملک ہے۔ یہاں کوئی ایک نسلی یا قبائلی اکثریت نہیں ہے۔ مختلف حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس حقیقت کی قدر نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ افغانستان اپنی جدید تاریخ کے بیشتر حصے میں سیاسی بحران کا شکار رہا ہے۔ یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے افغانستان کی جھوٹی حقیقت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ ناکامی اس کا نتیجہ ہے۔ مختصر یہ کہ افغانستان کی جنگ شناخت پر مرکوز ہے۔ مختلف نسلی اور مذہبی گروہوں، قبائل اور سیاسی فرقوں نے اپنی شبیہہ میں ایک ایسا افغانستان بنانے کی کوشش کی ہے، جو اکثر دوسروں کی قیمت پر ہوتا رہا ہے” (ص-77)۔ وہ تاجکوں اور افغانستان کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیوں سے مطمئن نہیں ہیں، "ثبوت سے پتہ چلتا ہے کہ جب طالبان کو القاعدہ سے پاک کیا جا رہا ہے، افغان حکومت خود کو شمالی اتحاد کے سرکردہ رہنماؤں اور کمانڈروں سے الگ کر رہی ہے جو کبھی پاکستانی حمایت یافتہ طالبان کے خلاف مزاحمت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ایک واشنگٹن دوست، پاکستانی حمایت یافتہ، پشتون تسلط والا افغانستان، شمالی اتحاد کے ان تمام مجاہدین کی راکھ کے اوپر جنم لے گا جنہوں نے اسلام کے جھنڈے تلے تمام نسلوں اور قبائل کے لیے مساوات اور انصاف کے لیے جدوجہد کی۔ اگر ایسا ہوا تو اسلام کو بہت نقصان ہوگا” (ص-92)
اپنے مضمون میں”Challenges in the Afghan Peace Process: Insights from the Irish Experience” مائیکل سیمپل نے افغان اور آئرش تنازعات کے درمیان موازنہ پیش کیا ہے۔ ایک اور مقالے میں قطر کو افغان تنازع میں ثالث کے طور پر اور اپنے وسائل کے لیے افغانستان کی تقسیم کا ذکر کیا گیا ہے۔ بغیر پائلٹ کے ڈرون کو قتل کرنے والی مشین کے طور پر افغانستان میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ افغانستان میں جنگ کا راستہ کھولنے والے ڈرون کا استعمال لیویا نیسیئس اور مارک لیوین کے مقالے کا عنوان ہے "ٹارگٹڈ کلنگز اینڈ دی ٹیمپٹیشن آف ڈرون ٹیکنالوجی: اے اسٹریٹجک اینڈ پولیٹیکل ڈیبیکل”۔ ڈرون دور جدید میں جنگ کا نیا چہرہ رہا ہے۔
حسین حقانی بحیثیت پاکستانی سفارت کار کے، مستقبل میں امریکہ اور پاکستان کے بہتر تعلقات کے لیے پرامید نہیں ہیں جیسا کہ ان کے اس مقالے سے ظاہر ہوتا ہے، جس کا عنوان ہے "Breaking up is not hard to do: Why the US-Pakistan Alliance isn’t worth the Trouble”۔ انہوں نے اس مضمون میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان فوجی اور اقتصادی تعلقات، اس کے امکانات اور نقصانات کی عکاسی کی ہے۔ وہ مزید افغانوں اور پاکستان کے ناخوشگوار تعلقات اور اس میں امریکہ کے کردار کو بیان کرتے ہیں۔
مرکزی موضوع جس پر تمام مصنفین نے زور دیا ہے وہ ہے افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی ناگزیریت اور مذاکرات کے عمل میں رکاوٹیں۔ امریکہ طویل عرصے سے افغان معاملات میں حقیقی دعویدار کو نظر انداز کر رہا ہے اور افغان معاشرے کے ہر بڑے طبقے اور نسل کے ساتھ مذاکرات کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں مذاکرات اور امن کا عمل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا ہے۔ اب افغان معاملات میں امریکہ کے کم ہوتے کردار کے ساتھ، افغانوں کو خود کا جائزہ لینے اور سب سے پہلے ایک بین افغان مذاکرات منعقد کرنے اور گفت و شنید کا عمل شروع کرنے کی ضرورت ہے جو مختلف دھڑوں کے درمیان مفاہمت کا باعث بنے گا۔ اسی طرح اقتدار اور حکمرانی کے لیے ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں تمام دعویداروں کی یکساں نمائندگی ہونی چاہیے، ورنہ اس کا نتیجہ خوفناک خانہ جنگی کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے جیسا کہ اس سے قبل 1996-1990 کے دوران دیکھا گیا، جب سوویت یونین افغانستان سے نکل گئی۔
یہ کتاب افغان معاملات کی موجودہ صورت حال کے بارے میں کافی اہم ہے اور تنازعات کے حل کے ایک آلے کے طور پر مذاکرات کی ضرورت، مخمصے، اختلاف اور حتیٰ کہ کوتاہیوں کو سمجھنے میں مدد کرتی ہے۔
