سری نگر/24؍اگست:
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج بڈگام ضلع کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا اور اُنہوں نے ’’ بڈگام ٹائون کی خوبصورتی‘‘ اقدام کا آغاز کیا۔
اُنہوں نے اَپنے خطاب میں ضلع اِنتظامیہ ، عوامی نمائندوں اور بڈگام کے عوام کو مبارک باد دی۔
اُنہوں نے کہا ،’’ مجھے اُمید ہے کہ بڈگام ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے دیرپا زندگی گزارنے کے لئے منصوبہ بند بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبے اور سہولیات جموںوکشمیر کے شہروں کے درمیان مقابلہ پیدا کریں گی اور عوام اوریو ایل بی کو بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے،شہری جگہوں کو خوبصورت اور جامع بنانے کی ترغیب دیں گے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بڈگام شہر کی خوبصورتی کی پہل معیشت کی تیز رفتار ترقی کو فروغ دے گی ، اِس کی ماحولیات کو مضبوط کرے گی او رزندگی میں آسانی کو یقینی بنائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبے ضلع کے عزم کی عکاس ہیں۔
اُنہوں نے راج بھون میں اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نمائندوں ، سول سوسائٹی کے اَرکان اور نوجوانون سے ایک شاندار مستقبل کے ترقیاتی اہداف کو حاصل کرنے میں اَپنی اِجتماعی ذمہ داری کو نبھانے پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ ہندوستان نئی سوچ اور نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ ہم نے چاند کو چھوا ہے۔ اَب ہمیں بڑے اہداف طے کرنے چاہئیں۔ اب، ہمیں نئی رفتار اور پیمانے کے ساتھ کام کرنا چاہیے، ایک ترقی پسند معاشرے کی تعمیر کے لئے خود کو وقف کرنا چاہیے اور سمارٹ سٹیز،سمارٹ ٹاؤنز اور سمارٹ ولیجوں کے ویژن کو سمجھنا چاہیے۔‘‘
اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ لوگوں کی ترقیاتی ضروریات کے تئیں حساس ہے اور جموںوکشمیر کی جامع او ردیرپا ترقی کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ ہماری کوششیں شامل ترقی پر مرکوز ہیں جیسا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کے ’’ سب کا ساتھ ، سب کا وِکاس ، سب کا وِشواس اور سب کا پریہاس‘‘ کے ویژن سے ظاہرہوتا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر معیارِ زندگی فراہم کیا جاسکے ، تفاوت کو دُور کیا جاسکے اور ان کی خواہشات کو پورا کیا جاسکے۔‘‘
اُنہوں نے بیروہ میں بیرم غار کے بنیادی ڈھانچے ، سہولیات اور خوبصورتی کے کاموں کی تشکیل سے آچاریہ ابھینو گپت جی کو اعزاز دینے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کی کوششوں کی ستائش کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ’’ وِکاس بھی ، وراثت بھی‘‘کی ایک شاندار مثال ہے اور کثیر جہتی نقطہ نظر سے بیروہ کو ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل بڈگام نذیر احمد خان نے ترقی کو نچلی سطح تک لے جانے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں یوٹی اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے آج جن منصوبوں کا اِفتتاح کیا ان میں زیارت گاہ چرار شریف کے اِرد گرد پبلک اور چلڈرن پارکس، بیروہ بڈگام میں بیرم پہاڑی غار کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کاکام،ایم سی چاڈورہ میں جوگرز پارک ،واٹر سپلائی سکیم ، ہرینو اور نیو ٹائب پرائمری ہیلتھ سینٹر چون شامل ہیں۔
اُنہوں نے 41کروڑ روپے کے پروجیکٹ جن کا سنگ بنیاد رکھا گیا ان میں کاکنمرگ بڈگام میں ٹرانزٹ اقامتی سہولیات ، نئی بس اڈہ چاڈورہ ، ڈی سی آفس کمپلیکس کی جدید کاری ، واٹر سپلائی سکیم ، گنڈی پورہ ، بیروہ اور بڈگا م میں 19 نئے پنچایت گھروں کی تعمیر شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بڈگام کے نوجوانوں میں سپورٹس کِٹس اور جسمانی طو رخاص بچوں میں سمارٹ کِٹس بھی تقسیم کیں۔
راج بھون آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری ، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اَکشے لابرو، پی آر آئی ممبران ، نوجوانوں اور بڈگام کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
