سرینگر 13ستمبر:
ناردرن کمانڈر اوپیندر ا دیویدی کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جموں وکشمیر کا امن راس نہیں آرہا اس لئے وہ یہاں پر ملی ٹینٹوں کو بھیجنے کی مسلسل منصوبہ بندی کررہا ہے۔ جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ناردرن کمانڈر اوپیندرا دیویدی نے کہاکہ ایل او سی پر گر چہ امن قائم ہے تاہم پاکستان کی جانب سے ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے کی کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد اب نیپال اور پنجاب کے راستے بھی جموں وکشمیر میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں چونکہ امن و امان کی فضا قائم ہے پاکستان نہیں چاہتا کہ کشمیر میں امن قائم ہواس لئے وہ دہشت گردوں کو بھیج رہا ہے۔ا نہوں نے بتایا کہ کنٹرول لائن پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ ایام کے دوران جموں وکشمیر کی سرحدوں پر متعدد غیر ملکی ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سرحدوں پر تعینات افواج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھاے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فوج کی ضرورتوں کو پورا کرنے پر خصوصی توجہ مبذول کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دشمن ملک پاکستان جموں وکشمیر کے حالات کو درہم برہم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے تاہم سلامتی ادارے ہمسایہ ملک کے سبھی منصوبوں کو ناکام بناکے ہی دم لیں گے۔
