گجرات/سری نگر//13؍ستمبر:
صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج ’’ آیوشمان بھائو‘‘ مہم اور ’’ آیوشمان بھائو ‘ پورٹل کا آغاز کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے راج بھون سے بذریعہ ورچیول موڈ آغازی تقریب میں شرکت کی۔
اِس تقریب کے بعد جموںوکشمیر اِنتظامیہ کے زیر اہتمام یوٹی سطح کے پروگران کا اِنعقاد کیا گیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ملک گیر مہم کے آغاز کے لئے صدرجمہوریہ ہند کا شکریہ اَدا کیا جس کا مقصد ہرگائوں میں صحت کی اہم خدمات کو پورا کرنا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ صدرِ محترمہ کی رہنمائی شراکت داروں کو سب کے لئے صحت کے ہدف کو حاصل کرنے کی ترغیب دے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ آیوشمان بھائو مہم کے تین اجزأ ۔ آیوشمان آپ کے دوار،ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹروں میں آیوشمان میلے ، کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں اور آیوشمان سبھا شہری اور دیہی علاقوں میں بیداری اور صحت سکیموں کو بہتر بنائیں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پروگرام میں گزشتہ چند برسوں میں صحت شعبے میں ملک کی جانب سے رجسٹرڈ بے مثال پیش رفت کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ ، تنازعات اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کے باوجود ہندوستان نے تمام شہریوں کے لئے صحت کے پیرامیٹروں میں کئی سنگ میل حاصل کئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کی کامیابیوں کا عکس جموںوکشمیر یوٹی کے صحت شعبے میں ہونے والی تبدیلی میں بھی نظر آتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ میرا پہلا اور سب سے بڑا فرض عام آدمی کی صحت ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سب سے قیمتی سرمایہ کاری سب کے لئے صحت کو یقینی بنانا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ ہر شہری کو قابل رسائی ، سستی اور معیاری صحت خدمات فراہم کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم نے جموںوکشمیر میں صحت عامہ کا مضبوط بنیاد نچہ تیار کیا ہے اور یونیورسل ہیلتھ اِنشورنس کوریج ، ڈیجیٹل ہیلتھ سروسز نے صحت خدمات کی فراہمی کے بہتر نظام کو یقینی بنایا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے اِستعمال نے تشخیص ، علاج اور مریضوں کی نگرانی کے نظام پر مثبت اَثر ڈالا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے صحت اَفسران اور تمام شراکت داروں سے آیوشمان بھاو مہم اور سیوا پکھواڑے میں بڑ ھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
اُنہوں نے مہم کو گاندھی جینتی کی تقریب کے ساتھ ہم آہنگ کرنے اور لوگوں بالخصوص ضرورت مند ، غریب اور پسماندہ طبقات کے تئیں بے لوث خدمت کے اَقدار کو فروغ دینے کی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی بھر میں صحت سہولیت پر سوچھتا ابھیان کو اَنجام دیا جانا چاہیے۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے شوپیاں ، پلوامہ ، گاندربل ، اننت ناگ ، کٹھوعہ او رپلوامہ کو اے بی ایچ اے آئی ڈی جنریشن ، گولڈن کارڈوں کی تخلیق اور تقسیم ، ای سی ڈی سکریننگ اور تشخیص ، نی۔کشے دوستوں میں رجسٹریشن اور تقسیم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اَضلاع کے طور پر نوازا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ٹی بی کے مریضوں میں نیوٹریشن کٹس بھی تقسیم کیں اور لوگوں اور کمیونٹی لیڈروں پر زور دیا کہ وہ اَپنے آپ کو نی۔ کشے مترا کے طورپر رجسٹر کریں۔
آیوشمان بھائو مہم کے آغاز کے موقعہ پر یوٹی بھر میں مختلف سطحوں پر کئی تقاریب کا اِنعقاد کیا گیا اور پروگرام کے دوران 1.22لاکھ سے زیادہ لوگ بشمول جموںوکشمیر کے یو ایل بی او رپی آر آئی ممبران سے جڑے تھے۔
آیوشمان اپنے دوار 3.0 کا مقصد پی ایمجے اے وائی سکیم کے تحت اندراج شدہ باقی اہل مستفیدین کو آیوشمان کارڈ فراہم کرنا ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو صحت کی ضروری خدمات تک رسائی حاصل ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ ایچ ڈبلیو سیز اور سی ایچ سیز میں آیوشمان میلے اے بی ایچ اے آئی ڈیز بنانے او رآیوشمان بھارت کارڈ جاری کرنے میں سہولیت فراہم کریں گے ۔ وہ جلد تشخیص ، جامع بنیادی صحت خدمات ، ماہرین کے ساتھ ٹیلی مشاورت او رمناسب حوالہ جات بھی پیش کریں گے ۔ مذکورہ سرگرمیاں 17؍ ستمبر سے شروع ہوں گی اور 31؍ دسمبر 2023ء تک جاری رہیں گی۔
راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے
