سرینگر//جموںوکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہاہے کہ بھاجپا جموںوکشمیر کے عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہے اور مستقبل قریب میں یہاں پارلیمانی انتخابات کے سوا اور کوئی بھی الیکشن ہوتا نظر نہیں آرہاہے۔
پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہاکہ ’’ہم پہلے سے کہتے آرہے ہیں کہ یہ لوگ (بھاجپا والے) الیکشن کرانے کے موڑ میں نہیںہیں کیونکہ انہیں بخوبی معلوم ہے کہ جموںوکشمیر کے عوام ان کے ساتھ نہیں، کشمیر تو چھوڑیئے جموں میں بی جے پی والے لوگ کے ہاتھوں سے مار کھائیں گے، اسی لئے ان کی ہمت نہیں ہورہی ہے۔‘‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’اسمبلی انتخابات تو دور کی بات ابھی تک تو مرکز سپریم کورٹ میں بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے انعقاد کی بات کررہا تھا لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ یہ لوگ وہ بھی کھا گئے۔ اب صرف ایک الیکشن کی اُمید کی جاسکتی ہے وہ پارلیمانی انتخابات ہیں کیونکہ اُسے ٹالنے میں ان کو مشکل ہوگی، اس کے علاوہ یہاں اور کوئی الیکشن ہوتا نظر نہیں آرہاہے۔‘‘
ایک اور سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’یہاں صرف ایک آدمی الیکشن کے حق میں نہیں اور وہ ہمارے ایل جی صاحب ہیں اور شائد اُن کے آس پاس رہنے والے چند افسران اور کچھ چاپلوس جو راج بھون چاپلوسی کرنے جاتے ہیں، جب میں وزیر اعلیٰ تھا تب یہ چاپلوس میرے دفتر میں بھی چاپلوسی کرنے آتے تھے لیکن میں ایل صاحب کو مشورہ دیتا ہوں کہ ان چاپلوسوں کو نظرانداز کریں اور لوگوں کے اصل جذبات اور احساسات کو جاننے کی کوشش کریں۔حقیقت یہ ہے کہ جموںو کشمیر کا ہر ایک باشندہ الیکشن کا انعقاد چاہتا ہے اور ایل جی صاحب کو چاہئے کہ وہ کہیں پر بھی اپنا کاروان روک کر کسی راہ چلتے عام انسان سے رائے پوچھے۔ ‘‘
صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی طرف سے آل پارٹی میٹنگ طلب کئے جانے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہاکہ جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں کی میٹنگ بلائی گئی ہے، ہم ایک دوسرے کیساتھ بیٹھ کر بات کریں گے، جموں وکشمیر کے حالات کا جائزہ لیا جائے گا اورمستقبل کیلئے کوئی پروگرام طے کیا جائے گا۔
جموںوکشمیر کو ٹیرر فری کئے جانے بیانات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’بیان بازی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، جموںوکشمیر کتنا ٹیرر فری ہے وہ کوکرناگ حملے سے پتہ چلا۔ ایک طویل عرصے کے بعد اتنا بڑا حملہ ہوا ۔کرنل، میجر، ڈی ایس پی اور فوجی جوان کا اس طرح سے مارا جانا کوئی معمولی بات نہیںہے،ہم ٹیرر فری جموں و کشمیر کیخلاف نہیں ،آپ اس خطہ کو ٹیرر فری کردیجئے پھر افسپا ہٹادیجئے، ہم سب سے پہلے تالی بجانے والے ہوںگے۔اس موقعے پر پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صاد ق بھی تھے۔
