غازی پور /28؍ستمبر:
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج غازی پور میں ماتا تیتارا دیوی سچدانند گرلز ڈگری کالج میں محترمہ تیتارا دیوی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب میں خطے میں لڑکیوں کی تعلیم کے لئے اعلیٰ معیار قائم کرنے، طالب علموں کی زندگی میں تبدیلی اور ترقی میں زبردست کردار اَدا کرنے کے لئے کالج کی ستائش کی۔
اُنہوں نے گزشتہ 9 برسوں میں تعلیم سے لے کر معاشی ترقی تک کئی شعبوں میں ملک کی تیز رفتار پیش رفت کو اُجاگر کیا۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ بنیادی ڈھانچے، مینوفیکچرنگ، زراعت میں پیش رفت واقعی بے مثال ہے اور ترقی آج سیاست میں بنیادی مسئلہ بن چکی ہے۔
اُنہوں نے کہا،’’ملک کی دیہی معیشت میں تبدیلی آ رہی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی قیادت میں ایک عالمی سپر پاور کے طور پر ہندوستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے اور معاشرے میں ایک نئی ورک کلچر اور ترقی کے حامی ذہنیت نے جڑ پکڑ لی ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ گزشتہ 9برسوں کی تبدیلیاں ہر شہری کو وِکشت بھارت کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں اَپناحصہ اَدا کرنے کی ترغیب دے رہی ہیں۔
اِس موقعہ پر ممتاز شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی موجود تھے۔
