سرینگر یکم اکتوبر:
سابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد نے واضح کیا ہے کہ وہ ایل جی بننے کے لئے سیاست میں نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر نئی پارٹی تشکیل دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو کرانے میں لیت ولعل کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
سری نگر میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران غلام نبی آزاد نے کہاکہ نئی پارٹی اس لئے تشکیل دی تاکہ لوگوں کے مسائل حل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اس وقت گونا گوں مسائل کا سامنا ہے ، تعلیم یافتہ بے روزگار نوکریوں سے محروم ہے اور انتظامیہ کی جانب سے کھوکھلے دعوئے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نوکری نہ ملے کے باعث تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان ذہنی کوفت کا شکار ہو گئے ہیں۔ غلام نبی آزاد کے مطابق بھرتی ایجنسیوں کی جانب سے لئے گئے امتحانات کو منسوخ کیا جارہا ہے جس وجہ سے نوجوان پریشان ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر وہ اقتدار میں آتے ہیں تو یہاں کے نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دی جائے گی۔ جموں وکشمیر کا اگلا ایل جی بننے کے بارے میں آزاد نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ یہاں پر نوکری کے لئے نہیں بلکہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر سیاست میں کود پڑا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ اگر مجھے نوکری کا شوق ہوتا تو کشمیر یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کرنے کے بعد بڑے پوسٹ مل جاتا لیکن اس وقت نوکری کو لات مار کر سیاست میں قدم رکھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بے روزگاری کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں اس وقت منشیات کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ منشیات فروش نئی پو د کو نشے کا عادی بنا رہی ہیں اور اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات فروش کسی معافی کے مستحق نہیں اورا نہیں پھانسی کی سزا دی جانی چاہئے۔ غلام نبی آزاد نے انکشاف کیا کہ یہاں پر کئی افراد نے منشیات سے ہی کروڑوں روپیہ کی جائیداد بنائی ہے جن کا احتساب کرنے کی ضرورت ہے۔
