سری نگر، 2 جنوری :
صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے منگل کے روز کہا کہ وادی میں قریب ایک ماہ کے لئے پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی وغیرہ کا کافی ذخیرہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس حوالے سے پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
بتادیں کہ ٹرانسپورٹروں کے ملک گیر ہڑتال کے پیش نظر وادی کشمیر میں منگل کی صبح سے ہی پٹرول پمپوں پر لوگوں کو لمبی لمبی قطاروں میں دیکھا گیا۔
سری نگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں لوگوں کو بوتلیں، کین وغیرہ لے کر قطاروں میں کھڑا دیکھا گیا جس سے وادی میں پٹرول کی کمی کے حوالے سے لوگوں میں خدشات پیدا ہوئے۔
اس صورتحال کے پیش نظر صوبائی کمشنر کشمیر نے لوگوں کو پریشان نہ ہونے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں قریب ایک ماہ کے لئے پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی وغیرہ کا کافی ذخیرہ موجود ہے۔انہوں نے کہا: ‘وادی کے ڈیپو میں پٹرول 21 دنوں کے لئے، ڈیزل 24 دنوں، ایل پی جی 21 دنوں کے لئے موجود ہے لہذا لوگوں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال سے کشمیر پر بھی اثر پڑا ہے لیکن لوگوں کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
مسٹر بدھوری نے کہا کہ وہ متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میٹنگ ہوئی اور اگر کوئی کارروائی عمل میں لانا پڑی تو اس ضمن میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سردیوں میں لوگوں کو کسی بھی صورت میں کسی قسم کے بھی مشکل سے دوچار نہیں ہونے دیں گے۔
