سرینگر 05جنوری:
آئی جی کشمیر ودھی کمار بردی نے شوپیاں تصادم میں مارے گئے ملی ٹینٹ کی ہلاکت کو بڑی کامیابی سے تعبیر کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹ نے شوپیاں میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کیا تھا۔ یو پی آئی کے مطابق نامہ نگار وں سے بات چیت کے دوران آئی جی کشمیر نے شوپیاں تصادم کی جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شوپیاں کے چھوٹی گام میں ملی ٹینٹوںکی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعدسیکورٹی فورسز نے درمیانی شب علاقے کو محاصرے میں لے کرتلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی فورسز اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹ نے فورسز پر فائرنگ شروع کی چنانچہ جوابی کارروائی میں مقامی دہشت گرد جس کی شناخت بلال احمد بٹ کے بطور ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ بلال احمد بٹ فوجی آفیسر اور غیر مقامی مزدوروں کی ہلاکت میں ملوث رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بھی پیش پیش تھا اور اس کی ہلاکت سیکورٹی نظریہ سے بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک دہشت گرد نے بالائی ورکر بنا اور اس کے بعد باضابط طورپر لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے کہاکہ بلال احمد بٹ کی ہلاکت سے شوپیاں میں بھی لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔
