بارہمولہ/ 15؍جنوری:
ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے آج یہاں ڈاک بنگلو میں ’’پریکشا پہ چرچا‘‘کے ساتویں ایڈیشن کے سلسلے میں ایک میگا پروگرام کی صدارت کی۔
اِس پروگرام کا اہتمام محکمہ تعلیم بارہمولہ نے کیا تھا اور اِس میں چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ بلبیر سنگھ رینہ، زونل ایجوکیشن اَفسران، ہائیر سیکنڈری اور سیکنڈری سکولوں کے پرنسپلوں اور ہیڈ ماسٹروں، اٹل ٹنکرنگ لیبز کے اَساتذہ اور مختلف سکولوں کے طلباء نے شرکت کی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ’’پریکشا پہ چرچا‘‘ ایک ملک گیر پروگرام ہے جس کی شروعات وزیر اعظم نریندر مودی نے 2018ء میں کی تھی تاکہ سالانہ بورڈ امتحانات میںشریک ہونے والے طلباء کے لئے تنائو سے پاک ماحول پیدا کیا جاسکے۔ وزیر اعظم 29 ؍جنوری کو ملک بھر کے طلباء کے ساتھ ایک اِستفساری سیشن کا اِنعقاد کریں گے ۔
دورانِ تقریب ضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے اِس طرح کے پروگراموں کے اِنعقاد کی اہم اہمیت پر زور دیا تاکہ طلباء کو نہ صرف تناؤ سے نمٹنے میں مدد ملے بلکہ آئندہ اِمتحانات کے لئے ان کی تیاری کی حکمت عملی کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر منگا شیرپا نے اَساتذہ اور والدین کی ذمہ داری پر زور دیا کہ وہ اِمتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء کے لئے سازگار اور آرام دہ ماحول کو فروغ دیں۔
اِس سے قبل منگا شیرپا نے ڈاک بنگلو میں اختراع کی ایک نمائش میں اٹل ٹنکرنگ لیبز میں تیار کردہ اپنے اختراعی منصوبوں کی نمائش کرنے والے ہونہار طلباء سے اِستفساری گفتگو کی ۔اُنہوں نے طلباء کی سراہنا کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اَپنے تحقیق اور اپنے تعلیمی سفر کے دوران اختراعیت کی شمع کو جاری رکھیں۔
