بارہمولہ۔ 16؍جنوری:
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کشمیر میں برف باری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے منصوبوں کو چلانے اور سیاحت کے شعبے کے فروغ کے لیے برف ضروری ہے۔شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ کشمیر میں اس وقت خشک سردی کا راج ہے۔ "میں خدا سے برف کے لیے دعا کرتا ہوں کیونکہ بجلی کے منصوبوں کو چلانے کے لیے برف باری ضروری ہے، ورنہ وہ ناکارہ ہو جائیں گے۔ سیاحت کے شعبے کو ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے برف باری بھی ضروری ہے۔
ایل جی نے کہا کہ گزشتہ سال 13 لاکھ سیاحوں نے گلمرگ کا دورہ کیا تھا اور وہاں برف باری ایک خاص توجہ کا مرکز رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارہمولہ ضلع میں چھ نئے مقامات کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے لیکن برف کی غیر موجودگی میں سیاح دور رہنے کو ترجیح دیں گے۔ایل جی نے کہا کہ او بی سی کو تحفظات مکمل ہونے کے بعد جلد ہی اربن لوکل باڈیز (یو ایل بی) اور پنچایتوں کے انتخابات شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سمت میں کام جاری ہے اور ایک بار جب یہ عمل ختم ہو جائے گا، یو ایل بی اور پنچایتوں کے انتخابات کرائے جائیں گے۔
ایل جی نے بارہمولہ کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 26 جنوری یوم جمہوریہ کو جھنڈا اونچا رہے ہمارا پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا میں چاہتا ہوں کہ بارہمولہ کا آسمان ترنگا سے بھر جائے۔انہوں نے کہا کہ بارہمولہ ضلع نوجوانوں کی فعال شمولیت سے ہر محاذ پر ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔
