راجوری 24 جنوری :
شہریوں کی شکایات کو دور کرنے کی ایک سرشار کوشش کے تحت پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈی ڈی ) مسٹر راجیش پرساد نے راجوری ضلع کے کالا کوٹ بلاک میں ایک پبلک آؤٹ ریچ کیمپ کی صدارت کی ۔ اس کیمپ کا بنیادی مقصد انتظامیہ اور مقامی کمیونٹی کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرنا تھا ۔
تقریب کے دوران جن مسائل پر روشنی ڈالی گئی ان میں بجلی کی بار بار کٹوتی ، مختلف بستیوں میں ٹرانسفارمرز کی ضرورت ، کالا کوٹ ہسپتال میں عملے کی کمی ، ٹھیکیداروں کے زیر التوا ادائیگیاں ، بجلی کے ناکافی کھمبے اور پی ایم اے وائی گھروں کے نئے کنکشن شامل ہیں ۔ اس دوران اہل افراد کو بی پی ایل راشن کارڈجاری کرنے ، پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای میں کنٹریکچول عملے کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور راجوری ضلع میں تتا پانی کو سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کے بارے میں خدشات کو ظاہر کیا گیا ۔
پرنسپل سیکرٹری نے راجوری کے باشندوں کو درپیش چیلنجوں کو حل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ، سرکاری افسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی ضروریات کیلئے قابل رسائی اور جوابدہ رہیں ۔ انہوں نے راجوری کے شہریوں کی ترقی اور بہبود کیلئے حکومت کی غیر متزلزل لگن پر زور دیا ۔
کیمپ کے دوران مسٹر راجیش پرساد نے مکینوں کو یقین دلایا کہ ان کے خدشات پر غور کیا جائے گا اور انہیں موثر طریقے سے حل کرنے کیلئے مناسب کارروائی کی جائے گی ۔
تقریب کے دوران موجود دیگر لوگوں میں ڈی ڈی سی ممبر کالا کوٹ انیتا ٹھاکر ، ڈی ڈی سی ممبر دھانگری رامیشور سنگھ ، اے ڈی سی کالا کوٹ کرشن لال ، سی پی او محمد خورشید ، ڈی ایم او نصیب بجرنگ ، ڈی پی او عاقل نوید اور متعلقہ عہدیدار شامل تھے ۔
