سری نگر/ 24؍جنوری:صوبہ کشمیر کے تمام اَضلاع میں 75 ویں یوم جمہوریہ سے قبل آج فل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا۔فُل ڈریس ریہرسل 26 ؍جنوری کو ہونے والے یوم جمہوریہ کی پریڈ کا پیش خیمہ ہے ۔
سری نگرکے بخشی سٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا جہاںصوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے ترنگا لہرایا۔
اُنہوں نے پریڈ کمانڈر ایس ایس پی لیاقت علی اور چاقو و چوبند دستوں سے سلامی بھی لی اور پریڈ دستوں کا معائینہ کیا۔
اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران کے علاوہ مختلف محکموں کے سربراہان اور عملہ بھی موجود تھا۔
صوبائی کمشنر کشمیر نے اپنے خطاب میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لئے تیاریوں کے بارے میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کے تمام حصہ لینے والوں دستوں اور طلباء کی تعریف کی۔
اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر نے دیگر قومی اور مذہبی فیسٹولوں کے علاوہ جی۔20سمٹ کی کامیابی سے میزبانی کی ہے۔
سٹیڈیم میں بی ایس ایف، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی، جے کے اے پی، آئی آر پی، خواتین دستے، ایس ڈی آر ایف، فائر اینڈ ایمرجنسی، فارسٹ پروٹیکشن فورس، این سی سی دستوں، پائپ بینڈ، براس بینڈ اور مختلف سکولوں کے طلباء کے پُرجوش اور حب الوطنی کا مظاہر ہ کیا گیا۔
طلبأ نے حب الوطنی کے گیت وندے ماترم اور اے وادیٔ کشمیر بہاروں میں ملیں گے پر پرفارمنس کے علاوہ میش اَپ سانگ اور فیوژن سانگ پر ثقافتی پرفارمنس پیش کی۔ نوجوانوں کو منشیات لت سے بچانے کے لئے ہر ذمہ دار شہری کی توجہ مبذول کرنے کے لئے فنکاروں کی جانب سے منشیات کے اِستعمال پر ایک سکٹ بھی پیش کیا گیا۔
صوبائی کمشنر نے تقریب کے موقعہ پر میڈیا اَفراد سے بات کرتے ہوئے تمام شہریوں کو بخشی سٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کی تقریب کے مرکزی تقریب میں مدعو کیا۔
گاندربل میںضلع ترقیاتی کمشنرگاندربل شیامبیر نے ترنگا لہرایا، مارچ پاسٹ پر سلامی لی اور قمریۂ سٹیڈیم گاندربل میں منعقدہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کی فُل ڈریس ریہرسل کے دوران پریڈ کا معائینہ کیا۔
جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، پی ٹی ایس منیگام ، فارسٹ پروٹیکشن فورس ، ایس پی او گاندربل ، ضلع پولیس ، ہوم گارڈ ، فائر سروس گاندربل اور مختلف سکولوں کے طلبأنے مارچ پاسٹ پیش کیا۔
فُل ڈریس ریہرسل میں طلبأ کی جانب سے ایک رنگا رنگ ثقافتی شو پیش کیا گیا جس میں حب الوطنی کے گیت اور لوک رقص بھی پیش کئے گئے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَپنے خطاب میں ضلع میں ’وِکست بھارت سنکلپ یاترا ‘کے دوران مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت صد فیصد کامیابی حاصل کرنے کے لئے تمام محکموں کی ستائش کی۔اُنہوں نے ان تمام افسروں اور اہلکاروں کی بھی تعریف کی جنہوں نے خواندگی کو فروغ دینے کے مقصد سے مشال گاش اقدام کے دوران اہم کردار اَدا کیا جس کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کو شیلانگ میں سینٹر فار انوویشن اِن پبلک سسٹمز کی جانب سے منعقدہ پہلی ایوارڈ تقریب کے دوران سراہا گیا۔
تقریب میں اے ڈی سی مشتاق احمد سمنانی، اے ڈی سی کے اے ایس پی گلزار احمد کے علاوہ سول اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کے دیگر ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔
بارہمولہ میں آج سخت حفاظتی اِنتظامات کے درمیان ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بارہمولہ میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا۔
اِس موقعہ پراَیڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بارہمولہ اعجازعبداللہ صراف مہمان خصوصی تھے جنہوں نے مارچ پاسٹ پر قومی پرچم لہرایا او رسلامی لی۔
بعد میں اے ڈی ڈی سی نے پریڈ کا معائینہ کیا جس میں بی ایس ایف، جموں و کشمیر پولیس، ساشستر سیما بل، ہوم گارڈز، جے اینڈ کے پولیس بینڈ،، ڈگری کالج بارہمولہ، بوائز ہائیر سیکنڈری بارہمولہ اور مختلف سکولوں اور کالجوں کے این سی سی کیڈٹس شامل تھے۔
اے ڈی ڈی سی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی تاریخ میں یوم جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اعجاز عبداللہ نے مختلف جموںوکشمیر یوٹی اور مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت بارہمولہ کی مثالی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ضلع تیز رفتاری سے متعدد محاذوں پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
اِس موقعہ پر ضلع کے مختلف سکولوں کے طلبا نے مختلف حب الوطنی کے موضوعات پر مبنی ثقافتی پرفارمنس کا مظاہرہ کیاجس سے سماجی پیغامات پیش کئے گئے۔
اننت ناگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) اننت ناگ بشیر احمد وانی نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور جی ڈی سی بوائز اننت ناگ میں سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، ہوم گارڈز، این سی سی اور سکولی بچوں کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔
اے ڈی ڈی سی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مختلف ترجیحی شعبوں بشمول تعلیم، ہیلتھ کیئر، وی بی ایس وائی، بیک ٹو وِلیج مرحلہ پانچ، ڈسٹرکٹ کیپیکس، زراعت اوراِس سے منسلک شعبے ،خواتین اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانے، منریگا، جل جیون مشن، آنگن واڑی مراکز اور سکولوں کو پانی اور بجلی کی فراہمی، دیہی ترقی، میکڈیمائزیشن اور روڈ کنکٹویٹی، سماجی بہبود، نشا مکت بھارت ، صنعتیں ، خودروزگار اور دیرپا اثاثوں کی تخلیق سمیت مختلف ترجیحی شعبوں کے تحت ضلع کی کوششوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔
اِس موقعہ پر’’میری مٹی، میرا دیش‘‘ جیسے فلیگ شپ پروگراموں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
اِس موقعہ پر مختلف اِداروں کے طلبأ اور شعبہ اطلاعات کے فن کاروں نے حب الوطنی کے موضوعات پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے۔
فُل ڈریس ریہرسل کے دوران اے ڈی سی ، ایس پی ، سی ای او ، سی ایم او ، اے سی ڈی ، اے سی پی ، اے سی آر ، سابق انجینئر آر اینڈ بی ، فلڈ ، اے آر ٹی او ، تحصیلدار اننت ناگ ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے اَفسران اور عام لوگ موجود تھے۔
بڈگام میں یوم جمہوریہ 2024 ء کی تقریبات کے سلسلے میں فُل ڈریس ریہرسل آج سپورٹس سٹیڈیم بڈگام میں منعقد ہوئی۔
اِس موقعہ پر بڈگام کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔
جے کے پی، جے کے اے پی، سی آر پی ایف، ہوم گارڈ اور سکولی بچوں کے دستوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا۔
اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی ڈی سی بڈگام نے ضلع میں شروع کئے گئے ترقیاتی اَقدامات پر روشنی ڈالی۔
مختلف سکولوں کے طلباء اور بڈگام کے نامور فنکاروں نے مختلف قسم کے ثقافتی پروگرام پیش کئے جنہوں نے اپنی رنگا رنگ پرفارمنس سے سامعین کو محظوظ و مسحور کیا۔
اِس موقعہ پر ایڈیشنل ایس پی بڈگام، راگو ایس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر معراج الدین شاہ اور دیگر سول و پولیس افسران بھی موجود تھے۔
پلوامہ میں آج ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) پلوامہ ڈاکٹر عبدالعزیز شیخ نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔
مارچ پاسٹ میں سی آر پی ایف، ضلع پولیس، آئی آر پی، جے کے پی وومن ونگ، ہوم گارڈ، کمانڈنٹ فورسز اور مختلف تعلیمی اداروں کے سکولی بچوں سمیت مختلف دستے شامل تھے۔
اے ڈی ڈی سی نے اَپنی تقریر میں ضلع کے نمایاں ترقیاتی کاموں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔
اِس موقعہ پر علاقے کے فنکاروں اور طلبأ نے حب الوطنی کے نغموں سے سامعین کو محظوظ و مسحور کیا ۔ مقامی فنکاروں نے متحرک ثقافتی پروگراموں، حب الوطنی کے گیتوں اور سکیٹس کے ساتھ ثقافتی ٹیپسٹری کو مزید تقویت بخشی۔
ڈی پی ایل اونتی پورہ میں بھی ایسا ہی منظر دیکھنے کو ملا جہاں اے ڈی سی اونتی پورہ ظفر حسین شال نے تقریب کی صدارت کی۔ جے کے اے پی، جے کے پی، سی آر پی ایف، این سی سی کیڈٹوں اور سکولی بچوں کے دستوں کی قیادت میں مارچ پاسٹ نے قومی وقار کے تئیں عزم کا مظاہرہ کیا۔
کولگام میں آج ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کولگام میں ایک فل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کولگام (اے ڈی ڈی سی) کولگام شوکت احمد راتھر نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔
سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، ہوم گارڈز، این سی سی، خواتین پولیس دستے، طالبات اور دیگر دستوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا۔
اِس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کولگام متعدد محاذوں پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اُنہوں نے ضلع میں مکمل ہونے والے مختلف منصوبوں کا ذِکر کیا اور کہا کہ ضلع نے متعدد شعبوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ صحت، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں کو مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے اور ضلع کی مجموعی ترقی کے لئے کام کر رہی ہے۔
اِس موقعہ پرطلبأکی جانب سے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے جس سے حاضرین و سامعین محظوظ ہوئے۔
پروگرام میں اے ڈی سی وقار احمد گیری، اے سی آر، اے ایس پی اور سول اور پولیس اِنتظامیہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
بانڈی پورہ میں مرکزی تقریب ایس کے سٹیڈیم بانڈی پورہ میں منعقد ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) بانڈی پورہ، محمد اشرف بٹ نے اے ایس پی بانڈی پورہ سندیپ بھٹ کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا اور جے کے پی ، سی آر پی ایف ، ایس پی اوز ، این سی سی کیڈٹوں اور مختلف سرکاری اور نجی سکولوں کے دستوں کے ذریعہ پیش کردہ مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔
فل ڈریس ریہرسل میں سول اِنتظامیہ، پولیس،فوجی اور نیم فوجی دستوں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
اے ڈی ڈی سی نے اپنی تقریر میں یوم جمہوریہ کی تقریبات اور ضلع میں کی گئی ترقیاتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔
مختلف سکولوں کے ثقافتی پروگرام بھی حاضرین کو محظوظ کرنے کے لئے پیش کئے گئے۔ اس موقعہ پر پیش کئے گئے ثقافتی پروگراموں میں ملک کے بھرپور ثقافتی ورثے اور معاشی و سماجی ترقی کی عکاسی کی گئی۔
منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں فُل ڈریس ریہرسل بھی منعقد ہوئی جہاں اے سی آر بانڈی پورہ شبیر احمد نے قومی پرچم لہرایا۔
فل ڈریس ریہرسل کی اسی طرح کی تقریب سب ڈویژن سنبل اور گریز میں منعقد ہوئی جہاں متعلقہ تحصیل داروں نے پرچم کشائی کی۔
ضلع بھر میں بلاک سطح، پنچایت سطح اور تمام سکولوں اور کالجوں میں فُل ڈریس ریہرسل کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
شوپیان میں آج ڈسٹرکٹ پولیس لائنز شوپیاں میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) شوپیاں ڈاکٹر ذاکر حسین فاض نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔
سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، آئی آر پی، فارسٹ پروٹیکشن فورس، ہوم گارڈز، این سی سی اور مختلف سکولوں کے طلبأنے مارچ پاسٹ پیش کیا۔
اے ڈی سی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوپیاں تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس نے ’ وِکست بھارت سنکلپ یاترا ‘جیسے اسپریشنل ڈسٹرکٹ پروگراموں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس دوران ضلع کے مختلف سکولوں کے طلبأنے حب الوطنی کے موضوعات پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے۔
تقریب میں مختلف افسران، ملازمین، اہلکار،مقامی افراد اور طلباء نے شرکت کی۔
کپواڑہ میں یوم جمہوریہ کی تقریبات 2024 ء کی فُل ڈریس ریہرسل ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کپواڑہ میں منعقد ہوئیء جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) کپواڑہ غلام نبی بٹ نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور جے کے پی، جے کے اے پی، سی آر پی ایف، آئی آر پی، ہوم گارڈز، ایف پی اور سکولی بچوں کے دستوں کی طرف سے پیش کردہ مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔
اے ڈی سی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع میں رواں مالی برس کے دوران شروع کئے گئے مختلف بڑے ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے دوران سکولی بچوں نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے۔
اِس موقعہ پر اے ایس پی فرحت جیلانی، اے سی پی، ڈی آئی او، ڈی ایس پی ڈار، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، سول اور پولیس افسران موجود تھے۔
ہندواڑہ میں، ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ہندواڑہ میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا جہاں سب رجسٹرار ہندواڑپ اَرشد احمد خان نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اورجے کے پی ، جے کے اے پی ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ،آئی آر پی اور پولیس بینڈ کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔
اس موقعہ پر سول انتظامیہ، محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
کرناہ سب ڈویژن میں فُل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جہاں تحصیلدار کرناہ سید ایاد قادری نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ اس دوران سکولی بچوں نے رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کئے۔
لولاب سب ڈویژن کے سوگام میں بھی فُل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیلدار سوگام نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پرسلامی لی۔ اس دوران سکولی بچوں نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے۔
ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں میں فُل ڈریس ریہرسل کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔
