نیوز ڈیسک
جموں/ 25؍جنوری:چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے 14ویں قومی یوم رائے دہندگان 2024 ء کے موقعہ پر آج یہاں سول سیکرٹریٹ کے اَفسروںاور ملازمین کو’’ رائے دہند گان ‘‘ کا حلف دِلایا ۔حلف برداری کی تقریب میں تمام اِنتظامی سیکرٹریوں، مختلف محکموں کے سیکرٹریوں کے علاوہ سول سیکرٹریٹ کے دیگر افسروں اور ملازمین نے شرکت کی جبکہ سری نگر میں مقیم اَفسروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ حلف برداری کی تقریب میں حصہ لیا۔گزشتہ برس کی طرح اِس برس بھی قومی رائے دہندگان دِن کا موضوع’’ ووٹنگ جیسا کچھ نہیں، میں یقینی طور پر ووٹ دیتا ہوں‘‘ رکھا گیا ہے ۔ یہ دِن جمہوریت اور اِس کی روایات پر قوم کے شہریوں کے اعتماد کی تجدید کے لئے منایا جاتا ہے ۔یہ رائے دہندگان کو آزادانہ، منصفانہ اورپُراَمن اِنتخابات کو یقینی بنانے کے لئے باوقار طریقے سے اس جمہوری عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دیتا ہے۔
یہ عہد اُنہیں مذہب، نسل، ذات پات، کمیونٹی، زبان یا دیگر ترغیبات سے متاثر ہوئے بغیر ہر الیکشن میں بلاخوف و خطر ووٹ ڈالنے کی ترغیب دیتا ہے ۔واضح رہے کہ 2011 ء سے ہر برس 25 ؍جنوری کو ملک بھر میں’’ قومی رائے دہندگان کا دن ‘‘منایا جاتا ہے تاکہ الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کے یوم تاسیس یعنی 25 ؍جنوری 1950 ء کو منایا جا سکے۔ملک کے رائے دہندگان کے لئے وقف ، قومی ووٹرز ڈے کو رائے دہندگان بالخصوص نئے اہل نوجوان رائے دہندگان کے اِندراج کو آسان بنانے کے لئے بھی اِستعمال کیا جاتا ہے۔ ملک بھر میں منعقدہ این وی ڈی تقریبات میں ان کا استقبال کیا جاتا ہے اور انہیں ان کے تازہ تیار کردہ رائے دہندگان کے فوٹو شناختی کارڈ (ای پی آئی سی) سونپے جاتے ہیں۔
