سری نگر/ :صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے آج شہریوں کو متحرک اور صحت مند جمہوریت کے لئے آنے والے اِنتخابات میں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دی۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار آج گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن ایم اے روڈ سری نگر میں چیف الیکٹورل آفس سری نگرکے زیر اہتمام قومی یوم رائے دہندگان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے اِنتخابی عمل کی تاریخ پر ایک مختصر سی جھلک پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت سے پہلے کے دور میں اِقتدار کی جدوجہد کبھی پُرامن نہیں رہی تھی۔ صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا، ہمیں اس حقیقت پر فخر کرنا چاہیے کہ ہم دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اِنتخابی عمل جمہوری ملک میں اِقتدار کی ہموار منتقلی کو فروغ دیتا ہے۔اُنہوں نے اِس برس کے قومی یوم رائے دہندگان کے موضوع’’ ووٹنگ جیسا کچھ نہیں، میں یقینی طور پر ووٹ دیتا ہوں‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے تمام شرکأکو اَپنے جمہوری حق کا اِستعمال کرنے کے لئے آنے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دی۔وِجے کمار بِدھوری نے حالیہ عرصے کی مختلف ترقیاتی کامیابیوں بالخصوص ایس ایس سی ایل پروجیکٹوں اور جی ۔20 سمٹ اور مذہبی فیسٹولوں کی کامیابی سے میزبانی سمیت شہر بھر میں مکمل ہونے والے منصوبوں کا ذِکر کیا ہے۔دریں اثنا، اُنہوں نے یوم جمہوریہ کی تقریب کی اہمیت کو بیان کیا اور سب کو بخشی سٹیڈیم میںیوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں مدعو کیا اور شرکأ سے صبح 9 بجے سے پہلے سٹیڈیم میں بیٹھنے کی درخواست کی۔اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی کارڈوں کو اَنٹری پاس سمجھا جائے گا اور کہا کہ اِنتظامیہ کو توقع ہے کہ شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین نے خطاب کرتے ہوئے اِنتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور آئین کے تحت 18 برس سے زائد عمر کے شہریوں کو ووٹ دینے کے لئے نئے اہل رائے دہندگان کے اِندراج پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سب کو ووٹ دینے کا حق برابری پر مبنی ہے اور آئین کی تشکیل کے وقت اس کا تصور کیا گیا ہے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے مختلف ممالک میں حق رائے دہی کے تاریخی حصول کے لئے جدوجہد اور جدید جمہوریتوں میں اس تصور کے آغاز کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کی۔ اُنہوں نے تمام لوگوں سے کہا کہ وہ صحت مند جمہوریت کے لئے ووٹنگ کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اِس کے علاوہ اِس پروگرام کے دوران چیف الیکشن کمشنر آف اِنڈیا کا ویڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا۔
اِس کے علاوہ الیکشن ڈیپارٹمنٹ کی مائی بھارت ہوںکے آئی ای سی ویڈیو پیغام کا کشمیری ورژن بھی حاضرین کو دِکھایا گیا۔بعد میں صوبائی کمشنر کشمیر نے ووٹروں کو حلف دِلایا، ’’ہم، ہندوستان کے شہری، جمہوریت پر یقین رکھتے ہوئے، اَپنے ملک کی جمہوری روایات اور آزادانہ، منصفانہ اور پُراَمن اِنتخابات کے وقار کو برقرار رکھنے کا عہد کرتے ہیںاور مذہب ، نسل ، ذات پات ، کمیونٹی ، زبان بغیر بلا خوف و خطر ہر اِنتخابات میں ووٹ ڈالیں گے۔اُنہوں نے نئے رجسٹرڈ رائے دہندگان میں ای پی آئی سی ایس اور ملازمین اور بی ایل اوز کو توصیفی اسناد بھی تقسیم کیں۔اِس سے قبل ایس ڈی ایم نے بتایا کہ انتخابی عمل کے لئے رجسٹریشن کے موجودہ مرحلے کے دوران 17 ہزار نئے رائے رہندگان کو شامل کیا گیا ہے۔پروگرام میںپرنسپل گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن، اے سی آر، سری نگر، بی ایل اوز، نئے اہل ووٹروں اور طلبائٔ نے شرکت کی۔
