سری نگر/ یکم؍فروری:
صوبائی کمشنرکشمیر وِجے کمار بدھوری نے آج کشمیر کے تمام اَضلاع میں برفباری کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اہم تنصیبات اور سیاحتی مقامات کی طرف جانے والے راستوں اور اندرونی رابطوں پر برف ہٹانے کا جائزہ لیا۔ابتداً، صوبائی کمشنر کشمیر نے بونیار حادثے کا سخت نوٹس لیا جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا اور دیگر زخمی ہوئے۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ اوور لوڈنگ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور حادثات کو روکنے کے لئے گڑھوں کوٹھیک کیا جائے۔
اُنہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مستقبل میں ایسا کوئی حادثہ رونما نہیں ہونا چاہئے۔صوبائی کمشنر نے ہسپتالوں میں طبی سہولیات کے علاوہ بالخصوص دُور دراز مقامات بشمول سونہ مرگ ، گریز ، ٹنگڈار اور کرناہ اور دروں میں ضروری سامان ، خدمات ، بجلی اور پانی کی فراہمی کے منظرنامے کا بھی جائزہ لیا۔
تمام ضلعی سربراہان نے چیئر کوجانکاری دی کہ تمام اہم سڑکوں سے برف ہٹایا گیا ہے جبکہ اندرونی رابطوں کو آج شام تک صاف کیا جائے گا۔
میٹنگ کو بتایا گیا کہ چند مسائل کے علاوہ بجلی کی سپلائی ہموار ہے اور لوڈشیڈنگ کی صورت میں آج شام تک اسے بحال کیا جائے گا۔
ضلعی سربراہان نے یہ بھی یقین دلایا کہ تمام خدمات، پانی کی فراہمی کے علاوہ ضروری سامان کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔
دریں اثنا، صوبائی کمشنر نے پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے ٹرانزٹ رہائش کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ بھی طلب کی۔
میٹنگ میں سی ای پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) سینٹرل کشمیر سجاد نقیب ،ایس اِی پی ڈبلیو ڈی ( آراینڈ بی) نریندر کمار، پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) کے ایگزیکٹیو انجینئروں اور اے ای ایز کے علاوہ تمام اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور کمشنر (ایم) ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن جموں و کشمیر، پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) شمالی اور جنوبی کشمیر کے چیف انجینئروں نے بذریعہ ویڈیوکانفرنسنگ شرکت کی۔
میٹنگ کے آغاز میں سی ای پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) وسطی کشمیر نے چیئرمین کو زیون سری نگر،بابادریا دین گاندربل ، وندہ ہامہ گاندربل ، کاکن مرگ بڈگام اور شیخ پورہ بڈگام میں وزیر اعظم پیکیج ملازمین کے لئے ٹرانزٹ رہائش کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
اِسی طرح سی ای پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) نارتھ نے کلن گام ہندواڑہ ، نت نو ساہنڈواڑہ ، اوڈینہ سنبل اور فتح پورہ بارہمولہ میں پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے ٹرانزٹ رہائش کی صورتحال کے بارے میں میٹنگ کوجانکا ری دی۔
اِس کے علاوہ سی ای پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) ساؤتھ نے ایلو پورہ شوپیاں، لیتہ پورہ پلوامہ ، مچھوان اننت ناگ ، شانگس اننت ناگ ، نبیر پورہ اننت ناگ ، میر ہامہ کولگام، چوگام کولگام اور ویسو کولگام میں پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے ٹرانزٹ رہائش کی صورتحال کے بارے میں بھی میٹنگ کو آگاہ کیا۔
صوبائی کمشنر کشمیر نے بلاکوں کی رہائش کے لحاظ سے تفصیلات حاصل کیں جن میں مکمل شدہ اور سونپے جانے والے بلاکوں کی تعداداوربالترتیب مارچ، جون اور ستمبر تک حوالے کئے جانے والے بلاکس کی تعداد شامل تھی۔ اُنہوں نے سی ایز کو ہدایت دی کہ وہ شیڈول کے مطابق تمام بلاکوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔
اُنہوں نے مارچ 2024ء تک حوالے کئے جانے والے فلیٹوں و بلاکوں کی بجلی اور پانی کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ انہیں بروقت مکمل طور پر فعال کیا جائے تاکہ الاٹیوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔وِجے کماربیدھوری نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف اور بازآبادکاری محکمہ کو مارچ 2024 ء تک مکمل شدہ بلاکوں وفلیٹوں کے متوازی الاٹمنٹ کے لئے جانے کی ہدایت دی۔
میٹنگ میں ان رہائش گاہوں کی چار دیواری کی تعمیر پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کچھ رہائش گاہیں بغیر چار دیواری کے ہیں جس سے سیکورٹی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ صوبائی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ جہاں ابھی تک فنڈز دستیاب نہیں ہیں وہاں رہائشی عارضی دیواریںتعمیر کی جائیں اور جہاں فنڈز مختص کئے گئے ہیں وہاں چار دیواری تعمیر کی جائے ۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ جو منصوبے تکمیل کے قریب ہیں انہیں مارچ 2024 تک مکمل کیا جائے اور دیگر منصوبوں پر بقیہ کام بھی مقررہ مدت میں مکمل کریں۔
