جموں:لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج منڈل میں سنت ہرے رام داس پبلک اسکول کے سالانہ دن کی تقریب میں شرکت کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے شری شیو مندر نیاس ٹرسٹ کے ذریعہ چلائے جانے والے اسکول کی تعلیم ، سماج کی فلاح و بہبود ، انضمام اور یکجہتی میں اہم شراکت کیلئے تعریف کی ۔ اس موقع پر انہوں نے سکول انتظامیہ ، اساتذہ اور طلباء کو مبارکباد دی ۔
لفٹینٹ گورنر نے تدریسی برادری کو پنڈت مدن موہن مالویہ اور ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کی اقدار اور نظریات کو فروغ دینے اور نوجوان نسل کو سماج اور قوم کے تئیں اپنا فرض ادا کرنے کی رہنمائی کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی رہنمائی میں تعلیمی اصلاحات نے تدریسی طریقہ کار کو اپ گریڈ کیا ہے اور نوجوان نسل کی پرورش کیلئے مزید ازادی فراہم کی ہے ۔
لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی پر صحیح معنوں میں عمل درآمد کو یقینی بنانا بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ شری ہرے رام داس جی مہاراج نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سنت ہرے رام داس پبلک اسکول اور شری شیو مندر نیاس ٹرسٹ کے طلبہ کو ان کی مجموعی ترقی کے لئے اقدار پر مبنی تعلیم فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
لفٹینٹ گورنر نے تعلیمی اور متنوع شعبوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے طلباء کو مبارکباد پیش کی اور اس موقع پر اسکول کے احاطے میں ایک درخت کا پودا بھی لگایا ۔ اس موقع پر سابق قانون ساز ، سابق پی آر آئی ممبران ، مذہبی رہنما ، اسکول انتظامیہ اور شری شیو مندر نیاس ٹرسٹ کے اراکین ، اساتذہ ، طلباء اور والدین موجود تھے ۔
