سرینگر :وزیر اعظم مودی کے دورے سری نگر کے پیش نظر سیول انتظامیہ بھی متحرک ہو گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ چیف سیکریٹری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے بخشی اسٹیڈیم میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ ادھر بی جے پی کے سینئر لیڈران نے بھی بخشی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی انتظام کا بچشم مشاہدہ کیا۔ یو پی آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے پیش نظر سیکورٹی کے ساتھ ساتھ انتظامی سطح پر بھی تیاریاں زو ر و شور سے جاری ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکریٹری اتل کما ڈھلو کی سربراہی میں سینئر آفیسران نے بخشی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ بی جے پی جموں وکشمیر صدر رویندر رینا ، سینئر لیڈر سنیل شرما کی سربراہی میں بھاجپا کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بھی بخشی اسٹیڈیم کادورہ کرکے وہاں پر سیکورٹی انتظامات کاجائز ہ لیا۔ اس موقع پر رویندر رینا نے پولیس ، سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران کے ساتھ سیکورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا۔
