کپواڑہ/17؍مارچ: ضلع الیکشن آفیسر وڈپٹی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈان نے آج ہندواڑہ کا دورہ کیا اور ہندواڑہ میں اِنتخابی سٹرانگ روم ، پولنگ سٹیشنوں اور الیکشن کنٹرول روم کا جامع معائینہ کیا۔
اِس معائینے کا مقصد ضلع میں آئندہ لوک سبھا اِنتخابات 2024 کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے ہمراہ ایس ایس پی ہندواڑہ داؤد ایوب ، اے ڈی سی ہندواڑہ عزیز احمد راتھر اور ایگزیکٹو اِنجینئر ہندواڑہ، ڈی ای او بھی تھے، نے گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول ہندواڑہ میں قائم پولنگ سٹیشن اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ہندواڑہ کے پولنگ سٹیشن سمیت متعدد پولنگ سٹیشنوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
اُنہوں نے پولنگ عملے اور سیکورٹی اہلکاروں کے رات کے قیام کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ ان پولنگ سٹیشنوں پر بجلی، پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی کی سہولیات اورجسمانی طور خاص اَفراد کے رائے دہندگان کے لئے رسائی جیسی بنیادی کم از کم سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے آئی ٹی آئی ہندواڑہ میں سٹرانگ روم کا بغورمعائینہ کیا اور ہندواڑہ اور لنگیٹ کے بوتھوں کی جانچ کی اور کائونٹنگ سینٹروں کی سہولیات اور اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ سٹرانگ روم اور کائونٹنگ سینٹروں کے سیکورٹی اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اُنہوں نے معائینے کے دوران شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ووٹنگ اور اِنتخابات سے متعلق دیگر عمل کو اَحسن اور مؤثر بنانے کے لئے تمام ضروری انتظامات موجود ہیں۔
اُنہوں نے دیگر افسران کے ساتھ الیکشن کنٹرول روم ہندواڑہ کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاںاس کے ہموار کام کاج کا جائزہ لیا۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے دورے کے دوران مجموعی تیاریوں پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا کہ تمام پولنگ سٹیشن، سٹرانگ روم اور کائونٹنگ ہال انتخابی عمل کی دیانتداری اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے اِی سی آئی کے مقررکردہ معیارات پر عمل پیرا ہوں۔اُنہوں نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف اِنتخابات کے اِنعقاد کے لئے اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا جس میں ہر اہل شہری اعتماد اور آسانی کے ساتھ اَپنے جمہوری حق کا اِستعمال کر سکے۔
اِس موقعہ پرڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے متعلقہ محکموں کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوک سبھا انتخابات کے پُراَمن اِنعقاد کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔
