سری نگر:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے چک تاپر علاقے میں جمعہ کی رات دیر گئے سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان انکائونٹر میں تین جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔جبکہ انکائونٹر ہنوز جاری ہے۔
کشمیر زون پولیس نے ‘ایکس ‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘بارہمولہ کے چک تاپر کریری میں انکائونٹر شروع ہوا ہے ‘۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کام پر لگے ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ جاری مسلح تصادم میں اب تک تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجوؤں کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔
قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے چک تاپر علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
