سری نگر، 8جون:
محکمہ تعلیم کے ایک حکم نامے کے تحت مزید دو سو کشمیری پنڈت اساتذہ کو سری نگر کے محفوظ علاقوں میں تعینات کیا جا رہا ہے۔ٹارگیٹ کلنگ کے واقعات رونما ہونے کے بعد کشمیری پنڈت ملازمین مسلسل احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں اور سرکار نے ملازمین کو یقین دلایا کہ اُنہیں اب محفوظ علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ جنوبی اور وسطی کشمیر کے دور دراز علاقوں میں تعینات کشمیری پنڈت ملازمین کو سری نگر میں تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس سے قبل ڈیڑھ سو کشمیری پنڈت ملازمین کو پہلے مرحلے پر تبدیل کیا گیا تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ سری نگر تبدیل کئے گئے کشمیری پنڈت ملازمین کو اب شہر میں ہی رہائشی کوارٹر فراہم کئے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم پیکیج کے تحت وادی کشمیر میں تعینات پنڈت ملازمین کی لسٹ ترتیب دی گئی ہے اور اُنہیں اب محفوظ علاقوں میں تعینات کرنے کا حتمی فیصلہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے ساتھ ساتھ نان ٹیچنگ کشمیری پنڈت ملازمین کی بھی ایک فہرست تیار کی جارہی ہے اوراُنہیں بھی اب محفوظ علاقوں میں ہی تعینات کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے ایک ماہ سے کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے کئی واقعات رونما ہونے کے بعد جموں وکشمیر انتظامیہ نے ہندو ملازمین کو محفوظ علاقوں میں ہی تعینات کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔
