سرینگر،26جولائی:
سرینگر میں اپنی پارٹی کے اولین خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ کوئی بھی سماج خواتین کو منصوبہ بندی اور تعمیر و ترقی میں شریک کئے بغیر ایک متمدن معاشرہ نہیں بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بہتر اور ترقی یافتہ معاشرے کی تعمیر و تشکیل کے لئے ضروری ہے کہ خواتین کو سماجی، معاشی، تعلیمی اور سیاسی لحاظ سے با اختیار بنایا جائے۔
چٹان کو موصولہ بیان کے مطابق اپنی پارٹی کے اہتمام سے اج سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں خواتین کنونشن کا انعقاد ہوا، جس میں پارٹی کی خواتین ونگ کے ورکرز کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں سید الطاف بخاری نے کہا، "تاریخ کے تجربے کی روشنی میں دُنیا بھر کے ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ کوئی بھی انسانی معاشرہ تب تک ترقی نہیں کرسکتا ہے، جب تک اس کی خواتین کو معاشرے میں یکساں خقوق حاصل نہ ہوں۔ اس لحاظ سے ہمیں بھی جموں کشمیر میں خواتین کو اُن کے حقوق فراہم کرنے ہوں گے۔”
انہوں نے کشمیری خواتین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا، "بدقسمتی سے گزشتہ کئی دہائیوں کے ناسازگار حالات کے دوران ہماری مائوں بہنوں کو طرح طرح کی مصیبتوں اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس لئے اب ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنی ماوں اور بہنوں کی آنکھوں سے اٗن کے آنسو پونچھیں۔ ہمیں اُن کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی اور اس کا بہترین طریقہ یہی ہوگا کہ ہم اُنہیں سماجی، تعلیمی، سیاسی اور معاشی لحاظ سے با اختیار بنائیں اور انہیں ان کے حقوق فراہم کریں۔”
انہوں نے مزید کہا، "چونکہ اپنی پارٹی کا بنیادی ایجنڈا جموں کشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی یقینی بنانا ہے، اس ایجنڈے کو نافذ کرانے میں خواتین کا ایک کلیدی کردار ہے۔”
پارٹی کے موقف کو دہراتے ہوئے سید بخاری نے کہا، "میں نے پہلے ہی بارہا یہ بات کہی ہے کہ جب ہمیں عوامی مینڈیٹ حاصل ہوگا تو ہم خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے متعدد اقدامات کریں گے۔ ان اقدامات میں سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لئے 33 فیصد نشستیں رکھنا بھی شامل ہوگا۔”
انہوں نے مزید کہا، "ہم لڑکیوں کی شادیوں کے لئے ان کی مالی معاونت کی موجودہ سکیم کو بہتر بناتے ہوئے معاوضے کو فی کس پچاس ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کردیں گے۔ اسی طرح بیواوں کی ماہانہ پینشن کو موجودہ ایک ہزار روہے سے بڑھا کر پانچ ہزار روپے کر دیں گے۔ فی کنبے کو سالانہ چار سلینڈروں کا گیس مفت فراہم کرائیں گے۔”
سید الطاف بخاری نے اس موقعے پر پارٹی کی صوبائی صدر دلشادہ شاہین کو ایک بڑی تقریب کا انعقاد کرنے پر مبارکباد دی۔ دلشادہ شاہین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "اپنی پارٹی کے پاس خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے ایک واضح لائحہ عمل ہے۔ ہم خواتین کی موجودہ بدحالی کو دور کرنے اور اُن کا مستقبل بہتر بنانے کےلئے ٹھوس اقدامات کریں گے۔”
انہوں نے خواتین سے اپنی پارٹی میں شمولیت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی پارٹی میں شمولیت سے یہ مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا، "ماضی کے برعکس، اب جموں کشمیر میں خواتین کی شرح خواندگی بہتر ہے اور یہ بات عندیہ دیتی ہے کہ ہماری خواتین سماجی، معاشی، تعلیمی اور سیاسی طور پر با اختیار بننے کےلئے تیار ہیں۔
تقریب میں پارٹی کے جو سرکردہ لیڈران اور سینئر کارکنان موجود تھت، اُن میں سینئر نائب صدر غلام حسن میر، جنرل سیکرٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، پارٹی کی یوتھ ونگ کے صدر اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے مئیر جنید عظیم متو، ریاستی سیکرٹری منتظر محی الدین، پارٹی کی خواتین ونگ کی صوبائی صدر دلشادہ شاہین، ڈی ڈی سی رکن ایڈوکیٹ نجمہ حمید، ڈی ڈی سی رکن شائستہ اسلم، ڈی ڈی سی چیئر مین سرینگر آفتاب ملک، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر کپوارہ راجہ منظور، ضلع صدر سرینگر برائے خواتین ونگ ارم جی، ضلع صدر خواتین ونگ بڈگام شکیلہ بانو، آشا پروین، ضلع صدر کپوارہ برائے خواتین ونگ فردوسہ جی، کارڈی نیٹر خواتین ونگ رفیقہ جی، عماد رفیع صاحب، ڈی ڈی سی ممبر شبیر احمد ریشی، جیلانی کمار، قیصر گنائی، ڈی ڈی سی رکن محمد اشرف پالپوری، تنبیر سنگھ، سجادہ بشیر، ڈی ڈی سی رکن قیصر احمد، محسن ظفر شاہ، طارق محی الدین، شوکت محی الدین، توسیف بشیر، فضل کاشانی اور دیگر اشخاص شامل تھے۔
