جموں،6 اگست:
جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں ہفتہ کو مسورا کے قریب ایک منی بس سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گرگئی ۔ اس کی وجہ سے بارہ افراد زخمی ہو گئے جن میں سے آٹھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ تمام زخمیوں کو ادھم پور کے ضلع اسپتال لے جایا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق ہفتہ کی صبح ایک منی بس برمن گاؤں سے ادھم پور کی طرف جا رہی تھی کہ اچانک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے پھسل کر قریب ہی گہری کھائی میں جا گری۔ اس کے نتیجے میں بارہ افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی خبر پھیلتے ہی مقامی لوگوں اور کچھ دیر بعد پہنچی پولیس نے امدادی کام شروع کردیا۔
اس دوران اس حادثے میں زخمی ہونے والے تمام بارہ لوگوں کو کھائی سے نکال کر علاج معالجہ کے لئے ضلع اسپتال ادھم پور لے جایا گیا۔ اسپتال میں آٹھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ فی الحال زخمیوں کی شناخت کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں ہیں، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ زخمیوں میں آٹھ طالب علم بھی شامل ہیں۔ مزید معلومات کا انتظار ہے۔
