جموں/28؍فروری: آئندہ لوک سبھا اِنتخابات 2024 ء کی تیاریوں کے سلسلے میں چیف الیکٹورل آفیسر نرواچن بھون کے دفتر میں میڈیا اَفرادکے لئے ایک روزہ ورکشاپ کا اِنعقاد کیا گیا۔اِس پروگرام میں جموں و کشمیریوٹی کے اہم خبر رساں اِداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکأ میں نیوز 24، ٹائمز ناؤ، جاگرن، ٹائمز آف اِنڈیا کے نمائندے شامل تھے۔
شرکأکو اِنتخابی عمل کے دوران میڈیا کے تمام اہم پہلوؤں بشمول معلومات/ غلط معلومات کے پھیلاؤ، جعلی خبریں، میڈیا سرٹیفکیشن اور مانیٹرنگ کمیٹیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ نمائندگان کو سوشل میڈیا آپریشن کے لئے ضابطہ اخلاق اور اِنتخابات کے دن کی کوریج سے متعلق قواعد و ضوابط سے بھی آگاہ کیا گیا۔ چیف الیکٹورل آفیسرجموںوکشمیر پانڈورانگ کے پولے نے سیشن کا اِفتتاح کیا اور منصفانہ اور شفاف اِنتخابات کے نگران کے طور پر میڈیا کے اہم کردار پر زور دیا۔
قومی سطح کے ماسٹر ٹرینرز چاند کشور شرما اور ریاض احمد بٹ نے میڈیا سینٹروں، ایگزٹ اور رائے عامہ کے جائزوں پر پابندی، ایم سی سی کی عمل آوری اور دیگر قواعد و ضوابط سمیت متعدد موضوعات پر تربیت دی۔چیف الیکٹورل آفیسر نے اَپنے اِختتامی خطاب میں شرکأ کو اِنتخابات سے متعلق مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا جس میں جعلی خبروں کی روکتھام کی ضرورت اور اِنتخابی عمل کے دوران اور بعد میں سول ڈِسکوری کو یقینی بنانے میں میڈیا کے کردار پرروشنی ڈالی گئی ۔ اُنہوں نے یوٹی میں پُراَمن اور منصفانہ اِنتخابات کو یقینی بنانے کے لئے اچھے طریقوں اور شفافیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
