کٹھوعہ/10؍مارچ:حکومت جموں وکشمیرضلع کٹھوعہ میں ثقافتی سرگرمیوں کو بڑے پیمانے پر فروغ دے گی اور ضلع میں اَدبی اور متعلقہ سرگرمیوں کو بھی بحال کرے گی۔
پرنسپل سیکرٹری سریش کمار گپتا نے کٹھوعہ کے دورے کے دوران اس بات کا اعلان کرتے ہوئے نے کہا کہ اِس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے اُنہوں نے جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈلنگویجز کو ریجنل کلچر سینٹر کٹھوعہ پر تعمیراتی کام میں تیزی لانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
کٹھوعہ میں جاری کلچرل سینٹر کو جدید ٹیکنالوجی سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ آڈیٹوریم کے علاوہ اس سینٹر میں مہمانوں کے کمرے، لائبریری اور دفتر کی جگہ بھی ہوگی۔
سریش کمار گپتانے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ محکمہ ثقافت جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈلنگویجزکے ذریعے مختلف آرٹ کی فن پاروںکے مصنفین اور ماہرین کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کرے گا تاکہ علاقے کے ثقافتی اور ادبی ورثے کو فروغ دیا جاسکے۔
اُنہوں نے یقین دِلایا کہ کٹھوعہ میں اکیڈمی کا ذیلی دفتر اَپنی سرگرمیوں کووسیع کرنے کے لئے تیار کیا جائے گا جو جگہ اور متعلقہ سہولیات کی کمی کی وجہ سے کم و بیش مقامی مشاعروں کے اِنعقاد تک محدود ہے۔
پرنسپل سیکرٹری ثقافت نے یہ بھی کہا کہ کٹھوعہ ریجنل کلچرل سینٹر پر کام میں تیزی لانے کے لئے جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈلنگویجزکے ذریعہ پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
اُنہوںنے جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈلنگویجز سے کہا کہ وہ مالی برس 2024-25 ء کے دوران کام مکمل کرے۔
سریش کمار گپتا کے ہمراہ سیکرٹری جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈلنگویجز بھرت سنگھ اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔
