نیوز ڈیسک
سرینگر 23مارچ //نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر تنظیم کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ jknc.co.inکاافتتاح کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ دور میں ویب سائٹ کی اہمیت اور افادیت بیان کی اور کہا کہ آج کے ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک دور میں جہاں فاصلوں کو سمیٹ دیا گیا، اور بڑے بڑے اداروں کے کام کاج چھوٹے سے چِپ میں سما گئے ہیں اور لوگ ہر قسم کی معلومات کسی بھی جگہ سے حاصل کرسکتے ہیں، ایسے میں نیشنل کانفرنس کی تجدید شدہ ویب سائٹ کی اشد ضرورت تھی ۔
انہوں نے کہا کہ ہم پوری کوشش کریںگے کہ نیشنل کانفرنس کی تاریخ، ہماری حکومتوں کے دوران کئے گئے کاموں، پارٹی پروگراموں اور تنظیمی سرگرمیوں کے بارے میں مکمل تفصیلات اس ویب کے ذریعے میسر رکھا کریں گے۔ انہوں نے ویب سائٹ بنانے پر پارٹی کی میڈیا ونگ کو مبارکباد بھی پیش کی۔
اس موقعے پر پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار ، سینئر لیڈران ڈاکٹر ثمیر کول، سارا حیات شاہ، عفراءجان، اومیش تلاشی، شیخ اویس بھی موجود تھے۔ یاد رہے نئی ویب سائٹ بنانے میں پارٹی کے معاون صوبائی ترجمان اومیش تلاشی نے اہم رول ادا کیا ہے۔
