سری نگر22دسمبر(یو این آئی)جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے میں شامل ہونے کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے اس ضمن میں میڈیا رپورٹوں کو بے بنیاد اور حقیقت سے بعید قرار دیا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے کہاکہ بعض نام نہاد صحافیوں کی طرف سے پھیلائی جانے اس خبرجس میں دعویٰ کیا گیا کہ جموں وکشمیر کی حکمران جماعت مرکزی زیر انتظام ریاست کی حیثیت کے بدلے بی جے پی کی زیر قیادت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) میں شامل ہونے کی خاطر زمین تیار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس طرح کی بے بنیاد افواہیں پھیلانا شرمناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔ میں اس نام نہاد صحافیوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کا نام بتائیں جس نے عمر عبداللہ کے ساتھ ملاقات کی تھی یا فوری طورپر اپنے عہدے سے دستبردار ہو کر عوام سے معافی مانگیں۔
تنویر صادق نے ایکس پر لکھا کہ دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ عمر عبداللہ کی ملاقات سب کے سامنے ہوئی ۔
انہوں نے کہاکہ میڈیا کے سامنے عمر عبداللہ نے نارتھ بلاک میں وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ملاقات کی ۔
تنویر صادق نے کہاکہ اگر مذکورہ نام نہاد صحافی کوئی دعویٰ کرتا ہے تو وہ اپنے الزامات کو ثابت کرئے یا اپنے جھوٹ کو تسلیم کرئے۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ نے رپورٹ شائع کرنے والے اخبار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی بھی دھمکی دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر اس من گھڑت کہانی کو فوری طورپر واپس نہیں لیا گیا تو پارٹی کی شبیہ کو خراب اور عوام کو گمراہ کرنے کی پادائش میں اخبار کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
تنویر صادق نے متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ صحافت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
