جموں، پولیس ہیڈ کوارٹر کی قیادت اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ جموں و کشمیر پولیس کی تشکیل میں خواتین کی شرکت میں اضافہ ہونا چاہیے اور یہ شرکت کافی ہونی چاہیے نہ کہ محض علامتی طور پر۔ خواتین کو قانون کے نفاذ میں بامعنی، ظاہری اور اثر انداز کردار ادا کرنا چاہیے۔
یہ بات ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں و کشمیر شری آر آر سوائن نے آئی آر پی 15ھر ویں بٹالین گراؤنڈ جموں کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے ہفتہ بھر کے پروگرام کی اختتامی تقریب میں اپنے خطاب کے دوران کہی۔ تقریب کے دوران خواتین اہلکاروں نے ہتھیاروں کی مشق، مکسڈ مارشل آرٹس ڈرل اور تیر اندازی کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی پی آرمڈ و آئی آر پی جموں شری مہندر ناتھ تیواری، ڈی آئی جی آئی آر پی جموں محترمہ سارہ رضوی، کمانڈنٹ آئی آر پی 12ویں بٹالین محترمہ رشمی وزیر، کمانڈنٹ آئی آر پی 15ویں بٹالین محترمہ سرگن شکلا، کمانڈنٹ فرسٹ خواتین بٹالین جموں محترمہ شاہینہ واحد، پولیس ہسپتال جموں اور مختلف بٹالینز کے ڈاکٹرز اور دیگر گزیٹیڈ افسران موجود تھے۔
ڈی جی پی نے خواتین کے علمی دن کے موقع پر اختتامی پروگرام میں جے کے پولیس خواتین فورس میں شامل ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اہلکاروں کی توانائی اور جوش دیکھ کر مسرت ہوئی ۔ انہوں نے کمانڈنٹ آئی آر پی 15ھرویں بٹالین سرگن شکلا کی ہفتہ وار پروگرام کے انعقاد کی پہل کرنے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ان کی سراہنا کی ۔
انہوں نے خاص طور پر خواتین اہلکاروں کے حوالے سے منعقدہ پروگراموں کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایچ کیو کی سطح پر خواتین فورس کے کام اور زندگی کے توازن کا خیال رکھنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ وہ پیشہ ورانہ فرائض کے ساتھ ساتھ اپنے خاندانوں کا بھی خیال رکھ سکیں۔
انہوں نے تمام رینکس پر زور دیا کہ وہ اپنے روزمرہ کے فرائض اور اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اپنا کردار تندہی سے ادا کریں، جو معاشروں میں دیرپا اثر ڈالے گا اور اس طرح جے کے پولیس کے اہلکاروں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ اس موقع پر ڈی جی پی نے خواتین اہلکاروں کی شکایات اور مسائل سنے اور یقین دلایا کہ حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈی جی پی نے بٹالین کے بنیادی ڈھانچے اور خواتین اہلکاروں کے بچوں کے لیے دستیاب پلے وے کی سہولت کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے بٹالین کے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا۔ ڈی آئی جی آئی آر پی جموں محترمہ سارہ رضوی نے شکریہ کے کلمات پیش کیے جبکہ کمانڈنٹ آئی آر پی 15 ویں بٹالین محترمہ سرگن شکلا نے ہفتہ بھر جاری رہنے والی تقریبات کے دوران منعقدہ پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے شرکاء کو آگاہ کیا
