سری نگر:وسطی ضلع گاندربل کے پتی رام پورہ علاقے میں غیر قانونی طورپر چنار کا درخت کاٹنے کے دوران ایک شاخ راہگیر پر جاگری جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
ضلعی ترقیاتی کمشنر نے مجسٹرئیل انکوائری کے احکامات صادر کئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق گاندربل کے پتی رامپورہ علاقے میں منگل کے روز غیر قانونی طورپر چنار کی کٹائی ہورہی تھی کہ اسی اثنا میں وہاں پر گاڑی کا گزر ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی گاڑی کا کنڈیکٹر نیچے آیا تو اس دوران چنار درخت سے ایک بھاری برکم ٹہنی اس پر جاگری جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمی کنڈیکٹر کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اسے مردہ قرار دیاگیا۔
متوفی کی شناخت عمان اکبر گنائی ولد علی محمد گنائی ساکن صفا پورہ کے بطور کی گئی ہے۔نوجوان کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی لوگوں نے احتجاج کیا اور اس واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرنے اور ملوثین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چنار کا درخت کاٹنا قانونی جرم ہے لیکن اس کے باوجود بھی متعلقہ محکمہ کی بے حسی کی وجہ سے غیر قانونی طورپر چنار کے درخت کوکاٹا جارہا تھا۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہاکہ کن آفیسران نے مذکورہ شخص کو چنار کا درخت کاٹنے کی اجازت دی تھی اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے۔
معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ایڈیشنل ضلعی ترقیاتی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال محمد الطاف بٹ کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔
کمیٹی کو ایک ہفتے کے اندرا ندر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ملوثین کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
