نئی دہلی، 18 نومبر:
مرکزی وزارت صحت نے جمعرات کو ان میڈیا رپورٹوں کی تردید کی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ہندوستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین ‘کو-ویکسین’ کے لئے ضروری ریگولیٹری منظوری سیاسی دباؤ کی وجہ سے جلد بازی میں دی گئی تھی۔ وزارت کا کہنا ہے کہ یہ میڈیا رپورٹیں سراسر گمراہ کن، غلط اور بے بنیاد معلومات پر مبنی ہیں۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ مرکزی حکومت اور قومی ریگولیٹر، سنٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او) نے سائنسی حقائق کی پاسداری کی ہے اور ہنگامی استعمال کے لئے کووِڈ-19 کی ویکسین کو منظوری دینے کے حوالے سے قواعد وضع کئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایسی میڈیا رپورٹیں سامنے آئی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کوویکسین بنانے والی بھارتی کمپنی بھارت بائیوٹیک نے طبی طریقہ کار پر عمل نہیں کیا اور سیاسی دباؤ کی وجہ سے اس کے کلینیکل ٹرائل میں جلد بازی کی۔ رپورٹوں میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ویکسین کے تین مرحلوں میں کئے گئے کلینیکل ٹرائل میں بہت سی بے ضابطگیاں کی گئیں۔
صورتحال کو مزید واضح کرتے ہوئے، وزارت نے کہا ہے کہ سی ڈی ایس سی او کی سبجیکٹ ایکسپرٹ کمیٹی (ایس ای سی) کا اجلاس یکم اور 2 جنوری 2021 کو بلایا گیا تھا۔ میٹنگ میں ضروری بات چیت کے بعد، میسرز بھارت بائیوٹیک کی کووڈ-19 ویکسین کی کنٹرولڈ ایمرجنسی کلیئرنس کی تجویز کے بارے میں سفارشات پیش کی گئیں۔
