سرینگر /15مئی:
حالیہ موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں مختلف فصلوں کو مہلک بیماریاں لگنے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے جس کے پیش نظر زمینداروں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں ۔اس دوران محکمہ زراعت نے کسانوں کو نقصان سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی صلاح دی ہے ۔وادی کے طول وارض میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں میوہ باغات کے ساتھ ساتھ زرعی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہے ۔
زراعت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے موسم میں مختلف اقسام کی سبزیوں ،سرسوں ،گیہوں اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ لاحق رہتا ہے ۔تاہم ماہرین کے مطابق اگرچہ احتیاط برتی جائے تو فصلوں کو نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر زمینداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ فصلوں اور سبزیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے طرح طرح کے نسخے آزما رہے ہیں ۔
اس ضمن میں محکمہ زراعت کے ٹیکنکل آفیسر نے ت کرتے ہوئے ان احتیاطی اقدامات کی وضاحت کی جن کی مدد سے فصلوں کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہوہ سبزی کے باغات اور کھیتوں میں جمع پانی کی نکاسی کا فوری انتظام کریں اور گرین ہاؤس میں لگائی گئی سبزیوں کی پنیری کو بیک وقت باہر نکالنے کے بجائے مرحلہ وار بنیادوں پرکھلی ہوا دیں تاکہ وہ موسمی حالات کے ساتھ ہم آہنگ ہوسکیں ۔
انہوں نے موسم میں بہتری کے بعد دوا پاشی کے اعتبار سے اضافی احتیاط سے کام لینے کی کسانوں سے تلقین کی ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں زمینداروں کی سہولیت کیلئے محکمہ کی طرف سے کئی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔
