سری نگر،20مئی:
G20 اجلاس کے پیش نظر ہفتے کے روز سی آر پی ایف کمانڈوز، مارکوز اور بلیک کیٹ کمانڈوز کی جانب سے جھیل ڈل اوراس کے ملحقہ علاقوں میں مورک ڈرل کا اہتمام کیا گیا۔ ذرائع نے بتایاکہ جھیل ڈل اور ‘ ایس کے آ ئی سی سی ‘ کو سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
شہر سری نگر میں جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق جی ٹونٹی اجلاس کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص سری نگر کے قرب و جوار میں سیکورٹی کا غیر معمولی بندوبست کیا گیا ہے۔
کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعددد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنگی سازو سامان سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکنا ہیں اور ناکوں پر موٹر سائیکلوں کی ضبطی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی بھی تلاشی لی جارہی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے ہیں۔
