سری نگر:وادی کشمیر کا فطری حسن قابل دید ہے اور اس حسن خیز علاقے کو جس حسن گلو سوز سے اوپر والے نے آراستہ کیا اس سے عیاں ہوتا ہے کہ واقعی یہ دنیا کی جنت ہے۔ ان باتوں کا اظہار جی 20/اجلاس میں شریک ہونے والے غیر ملکی مندوبین نے پولوویو سری نگر دورے کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمایندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں جگہ جگہ بکھرے پڑے جما لیاتی حسن نے ان پر اس قدر سحر طاری کر دیا کہ وہ اپنے ممالک میں جاکر لوگوں کو کشمیر کی سیرو تفریح پر آنے کے لئے آمادہ کر یں گے تاکہ وہ بھی یہاں کے فطری حسن سے روبرو ہو سکیں۔
اس موقع پر نیدر لینڈز کے سفیر جوائس نے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس سے بہتر نتائج بر آمد ہونے کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بہت ہی خوبصورت جگہ ہے اور حکومت نے بھی اس اجلاس کے لئے بہترین انتظامات کئے ہوئے تھے۔ سنگاپور ہائی کمشنر نئی دہلی کے عہدیدار ابراہیم نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ کشمیر واقعی میں جنت کا ایک ٹکڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدھ کے روز مغل باغات کی سیر و تفریح کی اور وہاں کی خوبصورتی دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہوا ۔ ان کے مطابق یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں اور مہمان نوازی میں ان کا کوئی ثانی نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سنگار پور ہائی کمشنری کے عہدیدار نے بتایا کہ میں دیگر ممالک کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کشمیر آئیں اور یہاں کی خوبصورتی دیکھیں۔ برازیل کے سفیر وستوا نے نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ تین روزہ میٹنگ کے دوران کشمیر میں سیاحت کو مزید فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ دیگر ممالک کے لوگوں کو یہاں پر آنا چاہئے اور یہاں کی خوبصورتی کو دیکھنا چاہئے۔ ان کے مطابق یہاں جو مہمان نوازی ہے دنیا میں کئی اور نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ مغل باغات کی سیر وتفریح کے دوران دل کو سکون ملا ۔
کوریا کے سفیر چینگ جے بوک نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ کشمیر واقعی میں جنت کا ایک ٹکڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں آکر خوشی ہوئی اور یہاں کے لوگوں نے جس طرح سے مہمان نوازی کی وہ سراہنا کے قابل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولو وویو مارکیٹ کافی اچھا دکھائی دے رہا ہے اور یہاں شاپنگ کرنے میں اپنا ہی ایک الگ مزہ ہے۔
سنگار پور کے اور ایک ممبر نے پولو وویو میں نامہ نگار وں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ شہر سری نگر کافی خوبصورت ہے اور جھیل ڈل نے اس کی خوبصورتی کو دوبالا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جی ٹونٹی میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کے سیاحتی شعبے پر ممبران ممالک کے درمیان گفت وشنید ہوئی۔ انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر دنیا کی خوبصورت ترین جگہوں میں ایک ہے اور یہاں پر بار بار آنے کو جی چاہتا ہے۔ بتادیں کہ بعد بدھ کی سہ پہر مندوبین نے لالچوک میں واقع سری نگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت آراستہ و پیراستہ پولوویو مارکیٹ کا دورہ کیا۔
یو این آئی نمائندے کے مطابق مندوبین نے اس مارکیٹ میں قریب ایک گھنٹے تک قیام کیا اور اس دوران انہوں نے مختلف قسموں کی چیزوں خاص طور پر ڈرائی فروٹ اور کشمیری شال وغیرہ کی شاپنگ کی۔
