سرینگر۔ 18؍ اگست ۔:
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے نئی فلم پالیسی شروع کرنے کے بعد یہاں 300 سے زیادہ فلموں اور سیریلز کی شوٹنگ کی گئی ہے۔آنے والے ٹی وی سیریل ”پشمینہ” کے پہلے دن کے شوٹ کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، سنہا نے کہا کہ مرکزی علاقہ فلم کی شوٹنگ کے لیے ایک پسندیدہ مقام کے طور پر دوبارہ ابھر رہا ہے۔”دو سال پہلے، تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد جموںو کشمیر انتظامیہ نے ایک نئی فلم پالیسی کا آغاز کیا تھا۔ اب، ہم دیکھ رہے ہیں کہ جموں و کشمیر فلم کی شوٹنگ کے لیے ایک پسندیدہ مقام کے طور پر دوبارہ ابھر رہا ہے۔
ایل جی نے کہا کہ مرکزی علاقے میں فلم سے متعلق سرگرمیاں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ ایل جی موصوف نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ وہ دور واپس آ رہا ہے جب 80 کی دہائی تک ہالی ووڈ یا بالی ووڈ کی فلمیں یہاں شوٹ ہوتی تھیں۔ یہاں 300 سے زائد فلموں کی شوٹنگ ہو چکی ہے۔ آج سب ٹی وی نے یہاں سے سیریل ’پشمینہ‘ شروع کیا ہے اور میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔سنہا نے مزید کہا کہ ”میرے خیال میں یہ مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے گا اور معیشت میں اضافہ کرے گا۔’’پشمینہ‘‘، جو ایس اے بی ٹی وی پر نشر کی جائے گی، اس کے ہدایت کار سدھارتھ ملہوترا ہیں۔
