میسور، 2 جنوری:
کرناٹک کے شہر میسور کے مجسمہ ساز ارون یوگی راج شلپی کے ذریعہ بنائی گئی رام للا کی مورتی کو اجودھیا میں رام مندر کے مقدس مقام میں نصب کرنے کی حتمی منظوری مل گئی اس کا اعلان کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے کیا۔ انہوں نے کہا، ’’میسور کے مجسمہ ساز ارون یوگیراج کے ذریعہ تیار کردہ بھگوان رام کی مورتی کو اجودھیا کے عظیم الشان سری رام مندر میں نصب کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جس نے ریاست کے تمام رام بھکتوں کے فخر اور خوشی کو دوگنا کر دیا گیا ہے۔ ’شلپی ارون یوگیراج‘ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔
کیدارناتھ میں آدی شنکراچاریہ اور دہلی میں کرتویہ پتھ پر سبھاش چندر بوس کے مجسموں کی تکمیل کے بعد مجسمہ ساز یوگی راج کا یہ تیسرا مجسمہ ہے۔ باقی دو مورتیاں اجودھیا میں رام مندر کے دیگر حصوں میں نصب کی جائیں گی۔ مجسمے کی تعمیر جون میں شروع ہوئی اور دسمبر میں ختم ہوئی۔
مسٹر یدیورپا کے بیٹے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر وجیندر یدیورپا نے بھی ریاست اور میسور کو فخر کرنے کے لیے مجسمہ ساز یوگی راج کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ میسور کا فخر ہے، کرناٹک کا فخر ہے کہ منفرد کاریگر ارون یوگیراج کے ذریعہ تیار کردہ رام للا کی مورتی 22 جنوری کو اجودھیا میں نصب کی جائے گی۔‘‘
فی الحال، مسٹر یوگیراج ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے پر کام کر رہے ہیں، جسے جیسلمیر ہاؤس، دہلی میں نصب کیا جائے گا، جو متنوع تاریخی اور ثقافتی شخصیات کو پیش کرنے میں ان کی ہمہ گیر صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
مسٹر یوگیراج، جنہوں نے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی ہے، پانچویں نسل کے مجسمہ ساز ہیں۔ انہوں نے مجسمہ سازی کی روایت کو جاری رکھنے کے لیے 2008 میں اپنی کارپوریٹ ملازمت چھوڑ دی۔ مجسمہ سازی کا فن اپنے مرحوم والد بی ایس یوگی راج شلپی سے وراثت میں ملا، ارون نے اب تک ایک ہزار سے زیادہ مجسمے بنائے ہیں۔
اس مجسمے میں رام للا کو ایک پانچ سالہ بچے کے طور پر دکھایا گیا ہے، جس نے کمان اور تیر پکڑے ہوئے ہے۔ یہ مجسمہ بھگوان شری رام کی ایک پُرجوش علامت ہے۔ مجسمہ پاؤں سے پیشانی تک 51 انچ تک پھیلا ہوا ہے۔ پران پرتیستھا کے لئے ویدک رسومات مندر کے افتتاح سے ایک ہفتہ قبل 16 جنوری کو شروع ہوں گی۔ ٹرسٹ نے کہا کہ مرکزی رسومات گنیشور شاستری اور لکشمی کانت دکشت ادا کریں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی 22 جنوری کو اجودھیا میں مندر کے عظیم الشان افتتاح کے موقع پر مندر ٹرسٹ کی طرف سے مدعو کئی معززین کے ساتھ شرکت کریں گے۔
