سری نگر/ سیکرٹری سکولی تعلیم ڈاکٹر پیوش سنگلا نے بینکٹ ہال سری نگر میں ایک بڑے عوامی دربار کی صدارت کی اور ضلع کے لوگوں کے مسائل اور مطالبات کا جائزہ لیا۔
اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ، ناظم سکولی تعلیم ، سربراہان اور ضلعی اِنتظامیہ سری نگر کے دیگر سینئر اَفسران موجو د تھے۔وائس چیئرمین ڈی ڈی سی بلال احمد بٹ ، پی آر آئی کے دیگر نمائندگان اور مختلف وفود بھی ’ میگا عوامی رَسائی پروگرام ‘ کا حصہ تھے۔
عوامی دربار میں عوام کی جانب سے زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا جس میں لوگوں نے سیکرٹری کو اَپنے ترقیاتی مسائل اور مطالبات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے ازالے میں مداخلت کی درخواست کی۔
وفود نے عوامی رَسائی پروگرام پر اَطمینان کا اِظہار کیا اور کہا کہ اس سے اُنہیں اَپنی شکایات کا اِظہار کرنے اور حکومت کو مناسب ذرائع سے حل میں تیزی لانے کا موقعہ ملے گا۔
سیکرٹری موصوف نے متعلقہ افسران کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں کہ وہ وفود اور اَفراد کی طرف سے پیش کردہ تمام مسائل کا جائزہ لیں اور ان کے جلد اَز جلد ازالے کے لئے کاررِوائی شروع کریں۔
لوگوں نے بنیادی طور پر خراب سڑکوں، وقفے وقفے سے بجلی کی فراہمی، صحت سہولیات کی ناکافی فراہمی، صحت عامہ کے اِداروں میں بنیادی ڈھانچے میں اضافے سے متعلق شہری مسائل کے بارے میں ان سے رابطہ کیا۔
ڈی ڈی سی کے رکن ہارون کی قیادت میں ایک وفد نے اَپنے علاقوں میں بجلی کی کٹوتی کا مسئلہ اُٹھایا اور کہا کہ عوام کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جانی چاہیے۔
پرائیویٹ سکولز پیرنٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے پرائیویٹ سکولوں میں فیس کے تعین اور ٹرانسپورٹ فیس کا معاملہ اُٹھایا اور کہا کہ فیس فکسیشن اور ریگولیٹری کمیٹی کے تمام احکامات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی سکول سے سختی سے نمٹا جائے۔
عیدگاہ کے ایک وفد نے اَپنے علاقے میں سڑکوں، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، بجلی کے پائپوں میں لیکیج کا مسئلہ اُٹھایا۔ احمد نگر کے ایک اور وفد نے اَپنے علاقے میں صحت بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن کا مسئلہ اُٹھایا۔
اِسی طرح حبک نسیم باغ کے ایک وفد نے اَپنے علاقوں میں سڑکوں کی چوڑائی کا مسئلہ اُٹھایا اور کہا کہ علاقے میں مختلف سکولوں اور کوچنگ سینٹروں کی رہائش کی وجہ سے علاقے میں اکثر ٹریفک جام رہتا ہے۔ٹینگ پورہ علاقے کے ایک وفد نے اَپنے علاقے میں آبپاشی سہولیات کا مطالبہ کیا کیوں کہ یہ علاقہ زیادہ تر زراعت اور دیگر متعلقہ شعبوں سے وابستہ ہے جو آبپاشی سہولیات پر بہت زیادہ منحصر ہیں۔ اُنہوں نے صحت خدمات کو اَپ گریڈ کرنے اور نکاسی آب کی بہتر سہولیات کا بھی مطالبہ کیا کیوں کہ نشیبی علاقوں کو برسات کے موسم میں نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سیکرٹری سکولی تعلیم ڈاکٹرپیوش سنگلا نے تمام افراد اور وفود کو یقین دِلایا کہ ان کی طرف سے پیش کردہ مسائل اور جائز مطالبات کوترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے عوامی دربار کے دوران اُٹھائے گئے عوامی مسائل کے بروقت ازالہ کے لئے متعلقہ حکام کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔ اُنہوں نے موقعہ پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی طور پر مقامات کا دورہ کریں اور عوامی مفاد کے لئے مسائل کا حل تلاش کریں۔
اُنہوں نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری آفیسر شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی نااہلی کا مظاہرہ نہیں کر سکتا کیوں کہ عوامی دربار کے اِس منفرد اَقدام کو شروع کرنے کا مقصد عوام کی شکایات کا فوری اَزالہ ہے۔
اُنہوں نے متعلقہ سربراہان کو مزید ہدایت دی کہ وہ حکومتی اَقدامات اور سکیموں کو مقبول بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔
