گاندربل/ ضلع اِنتظامیہ گاندربل نے مقامی آبادی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک فعال اَقدام کے طور پر ززنا میں ایک’ میگا بلاک دیوس ‘کااِنعقاد کیا۔اِس تقریب کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیراور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر مشتاق احمد سمنانی نے کی جس کا مقصد شہریوں کے ساتھ براہِ راست رابطے کو فروغ دینا اور ان کی شکایات کے فوری اَزالے کو یقینی بنانا تھا۔
اِس اِجتماع میں سول سوسائٹی کے اراکین اور بلاک واکورہ کے سرکردہ شہریوںنے بھرپور شرکت کی جنہوں نے اَندرونی سڑکوں کی بحالی کی ضرورت، ڈب کنال کو ڈی سلٹنگ، ناکارہ بورویلوں کی مرمت، مڈل سکول ززنا کی اَپ گریڈیشن، بہتر طبی سہولیات ، اضافی کھیل کے میدان، سولر لائٹس کی تنصیب اور دیگرسمیت مختلف مسائل پیش کئے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے اٹھائے گئے مسائل کا جواب دیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ حقیقی مسائل کے حل میں تیزی لائیں۔اُنہوں نے ڈب کنال کی مرمت کے معاملے پر محکمہ آبپاشی و فلد کنٹرول کو ہدایت دی کہ فوری مرمت کے مقامات کو ترجیح دی جائے اور فوری طور پر کام شروع کیا جائے جس میں ڈی سلٹنگ بھی شامل ہے ۔
اُنہوں نے ناکارہ بورویلوں کے بارے میں بتایا کہ فہرست کو گرائونڈ واٹر ڈویژن کو بھیج دیا گیا ہے اور ان کے حتمی جائزے کی بنیاد پر مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔اُنہوں نے یہ بھی یقین دِلایا کہ سولر لائٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے اور جلد ہی بلاک واکورہ سمیت دیگر کا احاطہ کیا جائے گا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے بلاک دیوس کے دوران 2024-2025 ء کے ترقیاتی منصوبے کی تشکیل میںگزشتہ برس کے بلاک دیوس اور بیک ٹو وِلیج پروگراموں میں اُٹھائے گئے مطالبات کو ترجیح دینے پر زور دیا۔
اِس کے علاوہ جموں و کشمیر بینک اور ڈسٹرکٹ ہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ آفس کے اَفسروں نے شرکأ کو مختلف مستفید سکیموں جیسے رقبہ کی توسیع سکیم، نظر ثانی شدہ ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن سکیم اور کسان کریڈٹ کارڈ کے بارے میں آگاہ کیا۔ شہریوں کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ مقامی آبادی کے سماجی و اِقتصادی حالات کو بہتر بنانے کے لئے بنائے گئے اِن اَقدامات سے فائدہ اُٹھائیں۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ڈاکٹر بشیر احمد، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر، تحصیل دار واکورہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اور دیگر ضلعی و سیکٹورل اَفسران نے شرکت کی۔
