نئی دلی:داخلہ اور تعاون کے مرکزی وزیر امت شاہ نے نئی دہلی میں نیشنل کوآپریٹو ڈیٹا بیس کا افتتاح کیا اور ’نیشنل کوآپریٹو ڈیٹا بیس 2023: رپورٹ‘ جاری کی۔ مرکزی وزیر مملکت برائے کوآپریٹو جناب بی ایل ورما اور وزارت تعاون کے سکریٹری ڈاکٹر آشیش کمار بھوٹانی سمیت کئی معززین اس موقع پر موجود تھے۔اپنے خطاب میں جناب امت شاہ نے کہا کہ آج کوآپریٹو سیکٹر، اس کی توسیع اور مضبوطی کے لیے ایک بہت ہی اہم پروگرام ہے کیونکہ بھارت کی آزادی کے بعد پہلی بار کوآپریٹو ڈیٹا بیس کا افتتاح ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ آج کے پروگرام کا مقصد کوآپریٹو سیکٹر کی توسیع اور اسے رفتار فراہم کرنا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ ہزاروں لوگوں کی برسوں کی محنت کے بعد آج ہم نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
مرکزی وزیر تعاون نے کہا کہ 1960 کی دہائی کے بعد یہ محسوس کیا گیا کہ قومی پالیسی کے تحت ہر ریاست کی کوآپریٹو تحریکوں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ایک جرات مندانہ فیصلہ لیتے ہوئے وزارت تعاون کا قیام عمل میں لایا جس کے نتیجے میں اس کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں میں ملک کی تمام پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیز (پی اے سی ایس) کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے اور تمام ریاستوں نے اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لیے مشترکہ بائی لاز کو قبول کیا ہے۔ آج تمام پی اے سی ایس ترقی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے ماڈل بائی لاز ایڈوائزری تیار کی ہے جس کے تحت پی اے سی ایس کثیر جہتی بن گیا ہے اور مختلف کاموں کو انجام دے سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج ملک کی تمام ریاستیں جماعتی سیاست سے اوپر اٹھ کر ان ماڈل بائی لاز کو قبول کر چکی ہیں جس سے پی اے سی ایس کی توسیع کی راہ ہموار ہوئی ہے۔جناب امت شاہ نے کہا کہ ہم نے پی اے سی ایس سے وابستہ ہونے کے لیے 20 نئی سرگرمیاں متعارف کرائی ہیں ، جس سے وہ منافع حاصل کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی اے سی ایس کی کمپیوٹرائزیشن نے ان کی ترقی کے لیے بہت سے امکانات کھول ے ہیں۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 2027 تک ملک کے ہر گاؤں میں پی اے سی ایس ہوگا۔
شاہ نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد ایک چیلنج پیدا ہوا کیونکہ انھیں خلا کے بارے میں یقین نہیں تھا اور اسی وقت اس ڈیٹا بیس کا خیال سامنے آیا۔ ڈیٹا بیس کا مقصد ایک جامع تجزیے کے ذریعے خلا کی نشاندہی کرنا اور اسے دور کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نیشنل ڈیٹا بیس کمپاس کی طرح کوآپریٹو سیکٹر کی ترقی کو سمت دے گا۔داخلہ اور تعاون کے مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے دیہی معیشت اور عام لوگوں کی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے لیے کام کیا ہے اور گذشتہ 10 سالوں میں 25 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے اوپر اٹھایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزارت تعاون ملک کی معیشت اور ترقی سے لاکھوں افراد کو جوڑنے کے لیے فعال طور پر کام کر رہی ہے۔ جناب شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ کوآپریٹو ڈیٹا بیس کوآپریٹو کی توسیع ، ڈیجیٹل ترقی اور ڈیٹا بیس کے ذریعہ ترسیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انھوں نے وضاحت کی کہ اعداد و شمار ترقی کو صحیح سمت میں رہنمائی کرنے کے لیے کام کرتے ہیں اور خلا کا تجزیہ کرنے میں انتہائی مؤثر ثابت ہوں گے۔ جناب شاہ نے مزید کہا کہ ہم اس دور میں ایک نئے رجحان کا سامنا کر رہے ہیں – ڈیٹا گورننس، پروایکٹو گورننس اور پیشگی گورننس۔ ان تینوں کی ہم آہنگی ایک نئے ترقیاتی ماڈل کے قیام کا باعث بنتی ہے۔
