سری نگر،22 دسمبر (یو این آئی) سیکورٹی فورسز نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارد بر آمد کیا۔
فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 21 دسمبر کو ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فوج، پولیس اور سی آر ی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے بانڈی پورہ کے چھانہ پورہ علاقے میں موبائیل وہیکل ناکہ لگا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران ایک شخص کو گرفتار کیا گیا جس کی تحویل سے ایک پستول، ایک ہینڈ گرینیڈ اور دوسرا جنگی سامان بر آمد کیا گیا۔
فوج نے بتایا کہ اسی طرح کے ایک اور آپریشن کے دوران فوج نے ضلع بارہمولہ کے یار بگ علاقے میں ایک ناکے کے دوران دو مشتبہ افراد کو ایک پستول، دو ہینڈ گرینیڈ اور جنگی سامان کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس کی طرف سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
