نئی دہلی، 14 جون:
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو آج دوبارہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے۔ ای ڈی کے دفتر جانے سے پہلے راہل گاندھی اپنی بہن پرینکا کے ساتھ منگل کو پارٹی دفتر پہنچے۔
مانا جا رہا ہے کہ یہاں سے پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ وہ ای ڈی کے دفتر کیلئے نکل جائیں گے۔ راہل کے پارٹی دفتر پہنچنے سے پہلے بڑی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے ای ڈی کی کارروائی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ کانگریس لیڈروں کا الزام ہے کہ پولیس ان کے لیڈروں اور کارکنوں کو پارٹی دفتر آنے سے بھی روک رہی ہے۔
پارٹی کے قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا کو احتجاج کرنے سے روک دیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سرجے والا کے ساتھ کچھ دوسرے لوگوں کو بھی پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
