سری نگر،25جون:
سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز جموں اور کشمیر میں بین الاقوامی سرحدکےساتھ ساتھ سرحد پار سے سرنگوں کا پتہ لگانے اور امرناتھ یاترا کے دوران دراندازی کی کسی بھی کوشش کو روکنے کےلئے ایک بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن کیا۔
اطلاعات کے مطابق حکام نے بتایا کہ تلاشی آپریشن پولیس، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف نے مشترکہ طور پر سانبہ، کٹھوعہ اور جموں اضلاع کے آگے کے دیہاتوں میں عمل میں لایا۔ڈی ایس پی (آپریشنز)سانبہ جی آر بھاردواج نے کہاکہ مختلف انٹیلی جنس معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ دہشت گرد یاترا میں خلل ڈالنے کےلئے سرحد پار سے دراندازی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔بھاردواج، جو مشترکہ تلاشی آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، نے کہا کہ سوچیت گڑھ سرحد سے ریگل تک تقریباً8 کلومیٹر کے علاقے کو مشترکہ فورسز نے تلاش کیا تاکہ سرحد پار سے کسی ممکنہ سرنگ کا پتہ لگایا جا سکے جسے دہشت گردوں نے دراندازی کرنے کےلئے سرحد پار سے کھودی ہو گی۔ ا
نہوں نے کہا کہ فورسز نے آپریشن کے دوران تمام غیر محفوظ علاقوں کی تلاشی لی، جو کہ آنے والی یاترا کےلئے کئے گئے بے مثال حفاظتی انتظامات کا حصہ ہے۔ڈی ایس پی بھاردواج نے کہاکہ ہم خطرے سے چوکنا ہیں اور دہشت گردوں کی طرف سے یاترا میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کےلئے علاقے پر گشت، تلاشی کارروائیوں اور رات کی نگرانی میں اضافہ کر دیا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ سرحد کو مضبوط بنانے کےلئے اضافی چوکیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔حکام نے بتایا کہ کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے جموں ضلع کے آر ایس پورہ سیکٹر اور کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سیکٹر میں بھی تلاشی لی گئی۔
