جموں، 29 جولائی:
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے چانڈک بیلہ علاقے میں موسلادھار بارش کی وجہ سے آئے سیلاب میں پھنسے 26 لوگوں کو بچانے کا آپریشن جمعہ کو دوسرے دن بھی جاری رہا۔ایک اہلکار نے بتایا کہ فوج، پولیس اور این ڈی آر ایف کی مشترکہ ٹیم کی طرف سے موسلا دھار بارش کی وجہ سے آنے والے سیلاب کے بعد ایک نالے میں پھنسے چھ خاندانوں کے لوگوں کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس سے قبل جمعرات کو فوج اور دیگر فورسز نے چار افراد کو بچایا تھا۔
ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت انگلابانی نے کہا کہ باقی لوگوں کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔بتا دیں کہ صوبہ جموں کے پونچھ ،راجوری ،رام بن کشتواڑ ،ڈوڈہ اور کٹھوعہ میں گزشتہ روز ہوئی موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی تھی ۔جس میں گاؤں کو جوڑنے والی سڑکیں ،لکڑی کے پُل بہہ گئے تھے ۔اور مکئی ،دال کی فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے ۔
