نئی دہلی ، 07 ستمبر:
راشٹرپتی بھون سے انڈیا گیٹ تک جانے والی سڑک کا نام بدل کر ’کرتویہ پتھ‘ رکھ دیا گیا ہے۔مرکزی وزارت ہاو¿سنگ اور شہری امور سے راج پتھ کا نام تبدیل کرنے کی تجویز موصول ہوئی تھی۔ آج صبح این ڈی ایم سی کونسل کی میٹنگ میں اس تجویز کو تبدیل کیا گیا۔تقریباً تمام ممبران بشمول میناکشی لیکھی ، ستیش اپادھیائے ، کلجیت چہل نے جے سنگھ مارگ، نئی دہلی میں واقع این ڈی ایم سی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ میٹنگ میں شرکت کی۔ اس میٹنگ میں راج پتھ کا نام تبدیل کرنے کی تجویز پر بحث ہوئی اور پھر متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی۔
مرکزی وزیر میناکشی لیکھی نے کہا کہ آزادی کے بعدبھی غلامی والی ذہنیت کو آگے بڑھایا گیا۔ راج پتھ بتاتا ہے کہ تم ’راج‘ کے لیے آئے ہو۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک آزادی کا امرت تہوار منا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سامراجی پالیسیوں اور علامتوں کو ختم کرنا ہو گا۔ اس لیے راج پتھ کا نام بدل کر کرتویہ پتھ رکھ دیا گیا ہے۔اب انڈیا گیٹ پر نیتا جی کے مجسمے سے راشٹرپتی بھون تک کا پورا راستہ اور علاقہ کرتویہ پتھ کے نام سے جانا جائے گا۔ برطانوی دور میں راج پتھ کو کنگز وے کہا جاتا تھا۔بتایاجاتا ہے کہ جب سے وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ کی فصیل سے ہرطرح کی غلامی سے آزاد ہونے کی بات کہی، تب سے راج پتھ کا نام بدلنے پر غوروخوض شروع ہوگئی۔ جمعرات کو وزیر اعظم سینٹرل وسٹا ایونیو کا افتتاح کریں گے، جو کرتویہ پتھ اور اس کے آس پاس کے علاقے کی بحالی کے کام کے بعد تیار کیا گیا ہے۔
