سرینگر /26ستمبر :
جنوبی ضلع کولگام کے بٹہ پورہ علاقے میں فوج و فورسز اور جنگجوؤں کے مابین جھڑپ میں ابھی تک ایک جنگجو جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک فوجی اور دو عام شہری زخمی ہو گئے ۔ پولیس نے جھڑپ میں ایک ملی ٹنٹ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بٹہ پورہ کولگام علاقے میں جنگجوؤںکی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج و فورسز اور پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ نے سوموار کی بعد دوپہر علاقے کو محاصرے میںلیا جس کے بعد وہاں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میںکچھ وقت تک تلاشی آپریشن کے بعد شام کے قریب جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کا آمنا سامنا ہوا جس کے ساتھ ہی علاقے میں جھڑپ شروع ہوئی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے کے ساتھ ہی سیکورٹی فورسز کی مزید کمک علاقے میںطلب کر لی گئی جس کے بعد پورے علاقے کا محاصرہ تنگ کر دیا گیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی گولیوںکے تبادلے کے بعد علاقے میںخاموشی چھا گئی ۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار اور دو عام شہری زخمی ہو گئے جن کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ بعد میں علاقے میں دوبارہ گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جس میں ابھی تک ایک ملی ٹنٹ مارا گیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں ملی ٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جھڑپ میں ابھی تک ایک ملی ٹنٹ مارا گیا ۔ انہو ں نے کہا کہ گولی باری میں ایک فوجی اہلکار اور دو شہری بھی زخمی ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں دو اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور آپریشن کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے ۔
