جموں،13 اکتوبر :
مندروں کے شہر جموں میں آنے والے دنوں میں تہواروں کے پیش نظر جموں پولیس مستعد ہوگئی ہے۔ شہر کے بازاروں میں پولیس کی نفری مسلسل گشت کر رہی ہے تاکہ شرپسند عناصر رش کی آڑ میں کوئی واردات نہ کر سکیں۔ اس دوران مشکوک افراد اور اشیاء کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی لوگوں سے پرامن طریقے سے تہوار منانے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ بازاروں میں بھیڑ کو دیکھتے ہوئے پولیس بھی ٹریفک نظام کو ہموار کرنے میں مصروف ہے۔ دہشت گردی کے خطرات کے درمیان تہواروں کو پرامن طریقے سے منانا پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ایسے میں پولیس اور انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہو گئی ہے۔ ایس ایس پی جموں چندن کوہلی نے ضلع کے تمام اسٹیشن انچارجوں کے ساتھ میٹنگ کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ تھانہ سطح پر مارکیٹ ایسوسی ایشن اور محلہ کمیٹیوں کے ساتھ میٹنگیں منعقد کریں اور ان سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکورٹی کو مضبوط بنانے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
سڑک پر تعینات پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے کو کہا گیا ہے۔ تمام اسٹیشن انچارجوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دن میں دو سے تین بار پیدل بازاروں میں گشت کریں۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ افواہوں کو نظر انداز کریں اور تہوار کو باہمی بھائی چارے اور پرامن طریقے سے منائیں۔ لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ تہوار کے دوران بدامنی پھیلانے والے شرپسندوں کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز سے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ بازاروں میں بھیڑ کی وجہ سے جام کی صورتحال پیدا نہ ہو۔
