جموں،13 اکتوبر:
جموں و کشمیر کے ضلع رامبن کے سنگلدان علاقے سے پولیس نے آئی ای ڈی برآمد کی ہے۔ خوش قسمتی سے پولیس نے آئی ای ڈی برآمد کر کے علاقے میں دہشت گردی کی ایک بڑی سازش ناکام بنا دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق رامبن ضلع کے گول سب ڈویژن کے سنگلدان علاقے میں ایک مشتبہ بیگ برآمد ہوا ہے۔ رامبن پولیس نے فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر بلایا۔ جب اسے چیک کیا گیا تو معلوم ہوا کہ آئی ای ڈی تھیلے میں رکھی ہوئی تھی۔ اس سے پہلے کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا، پولیس کے بم ڈسپوزل سکواڈ نے اسے بروقت ناکارہ بنا دیا۔
اس دوران علاقے میں ٹریفک کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔ واقعے کے فوری بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ خدشہ ہے کہ بیگ میں آئی ای ڈی رکھنے والا شخص بھی قریب ہی کہیں چھپا ہوا ہوگا۔