گروزنی (چیچنیا)،28 اکتوبر :
روسی صدر ولادیمیر پوتن کے قریبی ساتھی چیچنیا کے رہنما رمضان قادروف نے کہا ہے کہ اس ہفتے یوکرین کے توپ خانے کے حملے میں 23 روسی فوجی ہلاک اور 58 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ٹیلی گرام پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں قادروف نے کہا کہ یہ واقعہ جنوبی کھیرسان کے علاقے میں پیش آیا۔
ماسکو کی حامی افواج نے لڑائی کے آغاز کے بعد شاذ و نادر ہی میدان جنگ میں بڑے نقصانات کا اعتراف کیا ہے۔ رمضان قادروف نے کہا- ‘جائے وقوعہ پر تمام امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی حتمی فہرست کے مطابق 23 فوجی ہلاک اور 58 زخمی ہوئے ہیں۔ روس کے جنوبی مسلم اکثریتی علاقے چیچنیا کے سربراہ قادروف خود کو پوتن کاپیدل سپاہی بتاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ انہوں نے ہزاروں لوگوں کو جنگ میں لڑنے کے لیے بھیجا ہے۔
رمضان قادروف نے کہا کہ ہاں، اس نے اس دن کے ابتدائی اوقات میں بہت نقصان اٹھایا، لیکن چیچنیا کے لوگ جہاد میں حصہ لے رہے ہیں۔ اور اگر وہ مقدس جنگ میں مر رہے ہیں تو بھی یہ ہر سچے مسلمان کے لیے ایک اعزاز اور بڑی خوشی کی بات ہے۔ قادروف نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس مہلک حملے کے نتیجے میں تقریباً 70 یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
