نیوز ڈیسک
انڈیا میں مقابلہ جاتی امتحانات میں نقل ایک عام بات ہے اور حال ہی میں پارلیمان میں اس کے خلاف ایک سخت قانون بھی متعارف کروایا گيا ہے۔ان سب کے باوجود گذشتہ روز انڈیا کی سب سے بڑی ریاست اُترپردیش میں پولیس میں بھرتی کے لیے ہونے والے امتحانات میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگی کی شکایت سامنے آئی ہیں اور اس سلسلے میں درجنوں افراد کو مختلف مقامات سے گرفتار بھی کیا گیا ہے۔لیکن ان سب کے درمیان جس معاملے نے انڈین میڈیا کی توجہ حاصل کی وہ پولیس میں بھرتی کے لیے ہونے والے امتحان کے لیے ایک ’امیدوار‘ کو جاری ہونے والا ایڈمیشن کارڈ ہے جس پر بالی وڈ اداکارہ سنی لیونی کے نام کے ساتھ ان کی دو تصاویر بھی چسپاں کی گئی ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق سابق پورن اداکارہ سنی لیونی کا نام اور اُن کی تصویر محکمہ پولیس میں کانسٹیبل کی پوسٹ کے لیے رجسٹر امیدوار کے طور پر اتر پردیش پولیس بھرتی اور پروموشن بورڈ (یوپی پی آر بی) کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی تھی۔’اُمیدوار‘ سنی لیونی کو ٹیسٹ دینے کے لیے شریمتی سونیشری میموریل گرلز کالج میں قائم سینٹر بھی الاٹ کیا گیا تھا۔ پولیس بھرتی کے لیے یہ امتحان گذشتہ روز یعنی 17 فروری کو منعقد ہوا ہے۔اُترپردیش پولیس نے مختلف ذرائع ابلاغ کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب میں کہا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔’ہندوستان ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس میں بھرتی کے امتحان کے لیے سنی لیونی کے نام سے جو درخواست دی گئی تھی اس کے لیے جو فون نمبر استعمال ہوا ہے وہ اترپردیش کے ضلع مہوبا کا ہے۔ جبکہ رجسٹریشن کے لیے جو پتا درج کیا گيا ہے وہ ممبئی کا ہے۔
دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ ’امیدوار‘ کو ٹیسٹ میں شمولیت کے لیے کارڈ تو جاری کیا گیا تھا مگر امتحان گاہ پر کوئی بھی امیدوار اس ایڈمیشن کارڈ کے ساتھ ٹیسٹ میں شامل نہیں ہوا۔سنی لیونی کے نام اور تصویر والے ایڈمیشن کارڈ کے وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کہا ہے کہ یہ جعلی ایڈمٹ کارڈ ہے جس پر رجسٹریشن کے دوران کسی نامعلوم امیدوار کی جانب سے اداکارہ کی تصویر اپلوڈ کی گئی ہے۔انڈیا میں اس طرح کی شرارت کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی سنی لیونی کی تصویر جنوبی ریاست کرناٹک میں ٹیچر کی بھرتی کے فارم میں سامنے آ چکی ہے۔
