سری نگر 23مارچ:
جموں وکشمیر پولیس نے گرمائی راجدھانی سری نگر میں چار ملی ٹینٹ معاونین کی گرفتاری عمل میں لا کر اْن کے قبضے سے چار گرینیڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بدھ کی شام کو بمنہ چوک میں ناکہ چیکنگ کے دوران زبیر شیخ ولد الطاف شیخ ساکن الٰہی باغ صورہ کو روک کر اْس کی جامہ تلاشی لی گئی جس دوران اْس کے قبضے سے ایک گرینیڈ برآمد ہوا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مذکورہ نوجوان کو حراست میں لے کر اْس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 15/2022 زیر دفعہ 7/25 آرمز ایکٹ اور 13یو اے پی اے ایکٹ کے تحت پولیس تھانہ بمنہ میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔ت
رجمان نے بتایا کہ گرفتار اعانت کار نے تفتیش کے دوران بتایا کہ اْس نے یہ گرینیڈ ملی ٹینٹ معاون شمیم احمد چلو ولد عبدالکریم چلو ساکن ٹنکی پورہ شہید گنج سے حاصل کیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مذکورہ جنگجو معاون کو بھی حراست میں لیا گیا، چنانچہ پوچھ گچھ کے دوران گرفتار اعانت کار نے بتایا کہ اْس نے عامر رحمن ڈار ولد عبدالرحمن ڈار ساکن ٹینگ پورہ بائی پاس ، شاہد احمد میر ولد گلزار احمد میر ساکن ڈانگر پورہ نوگام اور زبیر شیخ نامی تین جنگجو مدد گاروں کو تین گرینیڈ فراہم کئے۔ پولیس کے مطابق چھاپہ مار کارروائی کے دوران تینوں ملی ٹینٹ مدد گاروں کو حراست میں لے کر اْن کی نشاندہی پر مزید تین گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ پوچھ تاچھ کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ چار معاون لشکر طیبہ نامی ملی ٹینٹ تنظیم کے ساتھ وابستہ ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے ملی ٹینٹ معاون زبیر احمد نے بدھ کی شام کو ہی گرینیڈ حملے کی منصوبہ بندی کی تھی تاہم ناکہ پارٹی نے جنگجووں کے ارادوں کو وقت رہتے ناکام بنایا۔ یو این آئی