جموں،31 مارچ :
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری کے سینئر شہریوں کو علاج و دوا ہی نہیں بلکہ ان کی پوری طرح سے دیکھ بھال کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن محکمہ یونین ٹریٹری کے ہر ضلع میں بزرگ افراد کی دیکھ بھال کے لئے طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور اس کے علاوہ اس مقصد کے لئے آن لائن کلاسز بھی چلائیں جائیں گے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں گاندھی نگر ہسپتال میں پیلیئٹو/ جیریاٹرک وارڈ کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’ہمارے میڈیکل ایجوکیشن محکمے نے بزرگ افراد کی دیکھ بھال کے لئے جموں وکشمیر کے ہر ضلعے میں دس بستروں کی سہولیت دستیاب کرائی ہے جس کے لئے ایمز کی مدد سے 48 ڈاکٹروں اور نرسوں کو تربیت بھی دی گئی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ بزرگ افراد کی دیکھ بھال کے لئے جلد آن لائن کلاسز کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
مسٹر سنہا نے کہا کہ بزرگ افراد کو صرف دوا اور علاج ہی نہیں بلکہ ان کی پوری طرح سے دیکھ بھال کی جائے گی۔(یو این آئی)